نریندر مودی کے برسراقتدار آنے کے بعد بھارت میں مسلمانوں اوردیگر اقلیتوں میں زبردست اضافہ ہوا ‘ جماعة الدعوة

طلباء پربغاوت کے مقدمات اور گرفتاریاں ہندوستان کی جانب سے شکست کا اعتراف ہے، پاکستان کا سبز ہلالی پرچم آزادی اور مظلوموں کے حقوق کا علمبردار بن چکا ہے‘ حافظ عبدالرؤف، عبدالغفار، عبدالرشید اور محمد شریف و دیگر کا سیمینار سے خطاب

اتوار 28 فروری 2016 16:41

لاہور( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔28 فروری۔2016ء)جماعةالدعوة کے رہنماؤں نے کہا ہے کہ نریندر مودی کے برسراقتدار آنے کے بعد بھارت میں مسلمانوں اوردیگر اقلیتوں میں زبردست اضافہ ہوا ہے، طلباء پربغاوت کے مقدمات اور گرفتاریاں ہندوستان کی جانب سے شکست کا اعتراف ہے، پاکستان کا سبز ہلالی پرچم آزادی اور مظلوموں کے حقوق کا علمبردار بن چکا ہے،جواہر لال نہرو یونیورسٹی کے طلباء نے بھارت سے آزادی کے نعرے لگا کر ثابت کر دیا کہ انڈیا کشمیریوں کی آواز دبا نے میں ناکام ہو گیاہے، فلاح انسانیت فاوئنڈیشن گلگت بلتستان سمیت ملک بھر میں امدادی سرگرمیاں جاری رکھے ہوئے ہے۔

ان خیالات کا اظہار فلاح انسانیت فاؤنڈیشن کے چیئرمین حافظ عبدالرؤف، جماعةالدعوة کے رہنما ؤں حافظ عبدالغفار، عبدالرشید اور گلگت بلتستان کے مسئول محمد شریف و دیگر نے مرکز القادسیہ میں ہونے والے ایک سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر گلگت بلتستان سے آنے والے کارکنان و ذمہ داران کی کثیر تعداد موجود تھی۔ جماعةالدعوة کے رہنماؤں نے کہاکہ پاکستانی پرچم کا مقبوضہ کشمیر کی طرح دہلی کی نہرو یونیورسٹی میں لہرانا اور وہاں پاکستان زندہ باد کے نعروں کا لگنا اس بات کی علامت ہے کہ دو قومی نظریے کا حامل یہ ملک آج بھی کشمیری مسلمانوں کی اْمیدوں کا مرکز ومحور ہے۔

کشمیر سے ہمارے رشتے کلمہ طیبہ لاالہ الااللہ محمد رسول اللہ سے جڑے ہیں جو کبھی نہ ٹوٹنے والے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جب تک کشمیری اپنی خواہشات کے مطابق ہندو بنئے سے مکمل آزادی حاصل نہیں کر لیتے ہر پاکستانی مکمل طور پر کشمیریوں کے ساتھ ہے۔ تحریک آزادی کشمیر لازوال شہادتوں اور قربانیوں کی پرعزم درخشاں تحریک ہے۔ پچھلی سات دہائیوں سے انڈین غاصبانہ فوجی قبضہ کے خلاف کشمیری مسلمان آزادی کے لیے تحریک چلارہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ کشمیر کی آزادی پاکستان کی بقا اور سلامتی کے لئے ناگزیر ہے۔ اس کے بغیر پاکستان ہمیشہ خطرات سے دو چار رہا ہے۔ ہم مظلوم کشمیری مسلمانوں کے ساتھ ہیں اور انہیں آزادی ملنے تک ہر لحاظ سے ان کا ساتھ دیتے رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری مسلمانوں کی جدوجہد آزادی جاری ہے اور جاری رہے گی۔ ان شاء اللہ شہیدوں کا خون رنگ لائے گا اور سبز ہلالی پرچم اسی طرح لہراتا رہے گا۔