شوال میں فائرنگ سے شہید ہونے والے سیکیورٹی اہلکاروں کی نماز جنازہ کورہیڈکوارٹر پشاور میں ادا کی گئی

اتوار 28 فروری 2016 16:37

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔28 فروری۔2016ء) شمالی وزیرستان، وادی شوال میں فائرنگ سے شہید ہونے والے سیکیورٹی اہلکاروں کی نماز جنازہ کورہیڈکوارٹر پشاور میں ادا کی گئی، نماز جنازہ میں آرمی چیف جنرل راحیل شریف سمیت دیگر حکام نے شرکت کی ۔آئی ایس پی آر کے مطابق وادی شوال میں آپریشن ضرب عضب کا آخری فیز جاری ہے، گزشتہ روز کیپٹن عمیر اور ساتھیوں نے دہشت گردوں کو فرار نہیں ہونے دیا، اور دہشت گردوں کا مقابلہ کرتے ہوئے شہید ہوئے، شہدا کی نماز جنازہ میں آرمی چیف جنرل راحیل شریف سمیت اعلی عسکری اور سول قیادت نے بھی شرکت کی۔

(جاری ہے)

شہید کیپٹن عمیر عباسی کا جسد خاکی ان کے آبائی علاقے ایبٹ آباد روانہ کردیا گیا ۔ آرمی چیف نے سی ایم ایچ پشاور کا دورہ کرکے گذشتہ روز زخمی ہونے والے اہلکاروں کی عیادت کی۔ آرمی چیف نے کور ہیڈکوارٹر پشاور کا دورہ بھی کیا۔اس موقع پر کورکمانڈر پشاور لیفٹننٹ جنرل ہدایت الرحمان نے آرمی چیف کو شوال میں جاری آپریشن ضرب عضب پر بریفنگ دی، آرمی چیف نے شمالی وزیرستان میں دہشت گردوں کو ختم کرنے کے لیے جاری پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کیا، انہوں نے کہا کہ پاک افغان سرحد کے قریب دہشت گردوں کے آخری ٹھکانوں کو کامیابی سے ختم کیا جارہا ہے۔

متعلقہ عنوان :