سردار اسحاق ایڈووکیٹ پاکستان کی عدالتی اور قانونی تاریخ کا درخشندہ ستارہ تھے

انہوں نے سخت محنت اور قابلیت کی بنیاد پر اپنا مقام بنایا سردار محمد یعقوب خان، سپریم کورٹ کے جج جسٹس سردار طارق مسعود اور سردار خالد ابراہیم کا ریفرنس سے خطاب

اتوار 28 فروری 2016 16:33

راولپنڈی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔28 فروری۔2016ء) سردار اسحاق ایڈووکیٹ پاکستان کی عدالتی اور قانونی تاریخ کا درخشندہ ستارہ تھے، انہوں نے سخت محنت اور قابلیت کی بنیاد پر اپنا مقام بنایا، شعبہ قانون سے تعلق رکھنے والے ان کے لڑے مقدمات کے فیصلوں سے رہنمائی حاصل کرتے رہیں گے۔ ان خیالات کا اظہار صدر آزاد کشمیر سردار محمد یعقوب خان، سپریم کورٹ کے جج جسٹس سردار طارق مسعود اور سردار خالد ابراہیم نے گزشتہ روز یہاں مرحوم سردار اسحاق ایڈووکیٹ کی یادمیں منعقدہ تعزیتی ریفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

تعزیتی ریفرنس میں صدر آزاد کشمیر سردار محمد یعقوب خان، جسٹس سردار طارق مسعود، سابق صدر آزاد کشمیر سردار انور خان ، وزیر اطلاعات سردار عابد حسین عابد، سردار صدیق صدر سدھن ایجوکیشن کانفرنس، ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج لیاقت شاہین، مرحوم کے صاحبزادے بیرسٹر سردار اعجاز اسحاق، وکلاء ، دانشوروں اور مرحوم کے دوستوں نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

مقررین نے سردار اسحاق ایڈووکیٹ کی زندگی کے مختلف پہلوؤں پر روشنی ڈالی اور شعبہ قانون کیلئے ان کی خدمات پر انہیں خراج عقیدت پیش کیا ۔

مقررین نے کہا کہ سردار اسحاق پاکستان میں صف اول کے وکیل اور ماہر قانون تھے۔ ان کی قابلیت اور قانونی مہارت کے پیش نظر حکومت پاکستان مختلف مقدمات میں انہیں ریاست کا وکیل مقرر کرتی تھی۔ پاکستان اور آزاد کشمیر کی وکلاء برادری اور جج صاحبان ان کی قدردان ہیں اور ہمیشہ رہے گی۔ سردار اسحاق مرحوم نے پاکستان کی تاریخ کے مشکل ترین مقدمات کو لڑا اور قانونی گتھیاں سلجھائیں اور مظلوموں کو انصاف دلایا اور ظالم و قاتلوں کو کیفر کردار تک پہنچایا ، جس کی وجہ سے آج بھی وہ مظلوم لوگ دعائیں دیتے ہیں۔

مقررین نے کہا کہ سردار اسحاق کا خاندان قیام پاکستان سے پہلے راولاکوٹ سے نقل مکانی کرتے ہوئے کلر سیداں میں مقیم ہوا جہاں ان کے والد گرامی شعبہ تدریس سے وابستہ ہوئے سردار اسحاق بھی پہلے ٹیچر بنے پھر وکالت کا شعبہ اختیار کیا اور اپنی شبانہ روز محنت اور قابلیت کی بدولت شعبہ قانون میں اپنا مقام بنایا اور مہارت کے انمٹ نقوش چھوڑے ۔ مقررین میں سردار خالد ابراہیم، طارق سدوزئی ایڈووکیٹ، سردار صابر حسین صابر، مولانا عبدالکریم، ڈاکٹر سردار کلیم اور دیگر بھی شامل تھے ۔

متعلقہ عنوان :