پاکستان علما کونسل کا انتہاپسندی ،دہشتگردی ،فرقہ وارانہ تشدد کے خاتمے کی آگاہی کیلئے ملک گیر مہم چلانے کا فیصلہ

10مارچ سے15مئی کے دوران ملک بھر میں علماء کنونشن اور سیمینارز کئے جائیں گے ‘ فیصل آباد ،لاہور،سیالکوٹ اور اسلام آباد میں ”اتحاد امت کانفرنسیں منعقد کی جائیں گی مرکزی چیئرمین اور وفا ق المساجد پاکستان کے صدر حافظ محمد طاہر محمود اشرفی کی گفتگو

اتوار 28 فروری 2016 15:51

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔28 فروری۔2016ء) پاکستان علماء کونسل نے انتہاپسندی ،دہشتگردی ،فرقہ وارانہ تشدد کے خاتمے اور عالم اسلام کی حقیقی موجودہ صورتحال کی آگاہی کیلئے ملک گیر مہم چلانے کا فیصلہ کیا ہے‘10مارچ سے15مئی کے دوران ملک بھر میں علماء کنونشن اور سیمینارز کئے جائیں گے جبکہ فیصل آباد ،لاہور،سیالکوٹ اور اسلام آباد میں ”اتحاد امت کانفرنسیں منعقد کی جائیں گی۔

یہ بات پاکستان علماء کونسل کے مرکزی چیئرمین اور وفا ق المساجد پاکستان کے صدر حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے پاکستان علماء کونسل لاہور ڈویژن کے ذمہ داران کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔اس موقع پرمولانا اسد اللہ فاروق، مولانا محمدمشتاق لاہوری،حافظ شعیب الرحمن،مولانا اسلم قادری،مولانا عبد القیوم،مولانا عبد اللہ رشیدی،مولانا تاج محمود ریحان،قاری محمد زبیر زاہد،مولانا اسلام الدین،قاری عبد الحکیم اطہر،مولانا حسین آزاد ودیگر بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے کہا کہ پیغام اسلام کانفرنس کا انتہاپسندی ،دہشت گردی ،فرقہ وارانہ تشدد کے خلاف عملی طور پر جدوجہد کرنے کا علان ایک مستحسن اقدام ہے۔اور ضرورت اس امر کی ہے کہ مسلم نوجوانوں کو انتہاپسندی ،دہشتگردی،فرقہ وارانہ تشدد اور انتہاپسندی تنظیموں کے تکفیری نظریات سے بچانے کیلئے علماء،مفکرین ،آئمہ ،خطباء ،مدرسین عملی طور پر میدان میں آئیں۔

انہوں نے کہا کہ پیغام اسلام کانفرنس کے دئیے گئے لائحہ عمل کی روشنی میں ملک کے مختلف شہروں میں ابتدائی طور پر علماء وطلباء کنونشن منعقد کئے جائیں گے اورپھر عوامی سطح پر ”اتحاد امت کانفرنسیں“ منعقد کی جائیں گی ۔جن میں مسلم اور غیر مسلم قائدین کے علاوہ امام حرم کعبہ بطوراور اسلامی دنیا کے دیگر قائدین مہمان خصوصی شریک ہوں گے ۔