وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے اوور سیز کے ایف بی آر سے متعلقہ مسائل کے فوری حل کیلئے فوکل پرسن مقرر کر دیا ہے ‘ محمد افضال بھٹی

سب سے زیادہ درخواستیں قبضہ و لینڈ مافیا کیخلاف موصول ،فوری ایکشن لے کر ریلیف فراہم کیا گیا‘ اوور سیز پاکستانی کمشنر پنجاب

اتوار 28 فروری 2016 14:56

لاہور( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔28 فروری۔2016ء) اوورسیز پاکستانی کمشنر پنجاب کے سربراہ محمد افضال بھٹی نے کہا ہے کہ وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے اوور سیز کے ایف بی آر سے متعلقہ مسائل کے فوری حل کیلئے فوکل پرسن مقرر کر دیا ہے ، اوور سیز کی جانب سے سب سے زیادہ درخواستیں قبضہ و لینڈ مافیا کیخلاف موصول ہوئی ہیں جن پر فوری ایکشن لے کر انہیں ریلیف فراہم کیا گیا ہے ۔

گزشتہ روز صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے ملک میں سرمایہ کاری کے فروغ کیلئے اوور سیز کو پر امن ماحول اور ریلیف دینا حکومت کی ذمہ داری ہے اور اسی سلسلہ میں اوور سیز پاکستانیز کمیشن کا قیام عمل میں لایا گیا ہے ۔ اوور سیز کمیشن کو مزید موثر بنانے کے لئے دیگر اقدامات بھی اٹھائے جارہے ہیں جس کا جلد باضابطہ اعلان کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کی قیادت میں اوور سیز کمیشن کی طرف سے اٹھائے جانے والے اقدامات پر بھرپور اطمینان کا اظہار کیا جارہا ہے جو ہمارے لئے فخر کا باعث ہے ۔

انہوں نے بتایا کہ اوور سیز کمیشن کو بیرون ممالک مقیم پاکستانیوں کی طرف سے مختلف نوعیت کی درخواستیں موصول ہوتی ہیں لیکن سب سے زیادہ درخواستیں قبضہ و لینڈ مافیا کے خلاف موصول ہوئی ہیں ۔اس سلسلہ میں حکومت کے ماتحت اداروں کی بھرپور سپورٹ سے ان درخواستوں پر نہ صرف فوری کارروائی عمل میں لائی گئی ہے بلکہ متاثرین کو ریلیف بھی فراہم کیا گیا ہے ۔