کوہلی کے باعث تکلیف پہنچی ،اب شاہد آفریدی کا مداح ہوں‘ عمر دراز

نادانستہ طور پر غلطی ہوگئی تھی ‘ اپنے گھر پر بھارتی پرچم لہرانے والے شخص کی رہائی کے بعد گفتگو

ہفتہ 27 فروری 2016 22:23

کوہلی کے باعث تکلیف پہنچی ،اب شاہد آفریدی کا مداح ہوں‘ عمر دراز

اوکاڑہ ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔27 فروری۔2016ء) صوبہ پنجاب کے شہر اوکاڑہ میں گھر پر بھارتی جھنڈا لہرانے والے ویراٹ کوہلی کے مداح عمر دراز کا رہائی پانے کے بعد کہنا ہے کہ اب میں کو ہلی کا مداح نہیں ہوں بلکہ شاہد آفریدی کا مداح ہوں۔اپنی رہائشگاہ پر برطانوی نشریاتی ادارے سے گفتگو کرتے ہوئے عمر دراز کا کہنا تھا کہ ان سے نادانستہ طور پر غلطی ہوگئی تھی ۔

کوہلی کے باعث تکلیف پہنچی ہے اس لیے اب میں کوہلی کو پسند نہیں کرتا ۔ جب ان سے کہا گیا کہ کھیل میں تو کسی کی بھی حمایت کی جاسکتی ہے اور بھارتی کھلاڑی کا مداح ہونا جرم تو نہیں ہے تو عمر دراز اس بات پر بضد رہے کہ اب وہ صرف شاہد آفریدی کے مداح ہیں۔خیال رہے کہ پولیس نے 25جنوری کو اوکاڑہ کے نواحی گاؤں چون بٹہ دو ایل کے رہائشی عمر دارز کو بھارت اور آسٹریلیا کے درمیان ٹی ٹونٹی کرکٹ میچ میں ویراٹ کوہلی کے شاندار کھیل اور اس کے نتیجے میں بھارت کی فتح کی خوشی میں اپنے مکان پر بھارت کا جھنڈا لہرانے پر حراست میں لیا تھا۔

(جاری ہے)

عمردراز پر پولیس نے نقصِ امن کی دفعہ 16ایم پی او اور تعزیرات پاکستان کی دفعہ 123اے کے تحت مقدمہ درج کیا تھا جس میں جرم ثابت ہونے پر زیادہ سے زیادہ 10برس قید کی سزا ہو سکتی ہے۔گرفتاری کے وقت عمردراز کا موقف تھا کہ وہ بھارتی کرکٹر ویراٹ کوہلی کا مداح ہے اور ان کی شاندار کارگردگی کی خوشی میں ہی اس نے بھارت کا جھنڈا اپنے گھر پر لہرایا تھا، اس میں بدنیتی کا عنصر شامل نہیں تھا۔ جو بھی ہوا وہ لاعلمی اور انجانے میں ہوا۔اوکاڑہ کے ایڈیشنل سیشن جج اسد اﷲ سراج نے 50,000 روپے کے مچلکوں کے عوض گذشتہ روز عمر دارز کی ضمانت کی درخواست کی منطوری کی تھی۔