ہائیکورٹ بار کے سالانہ انتخابات میں حامد خان گروپ کے رانا ضیا عبدالرحمن صدر ،انس غازی سیکرٹری جنرل منتخب کر لئے گئے

ہفتہ 27 فروری 2016 21:06

لاہور( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔27 فروری۔2016ء)لاہورہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن کے سالانہ انتخابات میں حامد خان گروپ کے رانا ضیا عبدالرحمن 4279 ووٹ لے کر صدر جبکہ انس غازی 3213ووٹ لے کر سیکرٹری جنرل منتخب ہو گئے ۔ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن کی تاریخ میں پہلی مرتبہ بائیو میٹرک نظام کے تحت پولنگ ہوئی جس کے معائنہ کیلئے الیکشن کمیشن پنجاب کے دو عہدیدار بھی موجود رہے۔

پروفیشنل گروپ کے صدارتی امیدوار رانا ضیا عبدالرحمن نے 4279 ووٹ لیکر عاصمہ جہانگیر گروپ کے صدارتی امیدوار رمضان چوہدری کو شکست دی ۔نائب صدر کی نشست پر سردار طاہر شہباز خان 2065ووٹ لیکر کامیاب ہوئے۔سیکرٹری جنرل کی نشست پر انس غازی نے 3212 کے ووٹ لے کر کامیابی حاصل کی ۔فنانس سیکرٹری کی نشست پر سید اسد بخاری نے .3521ووٹ لے کر کامیاب قرار پائے ۔

(جاری ہے)

ہائیکورٹ بار کے نو منتخب صدر رانا ضیا عبدالرحمن نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اپنی کامیابی پر تمام وکلاء کا شکر گزار ہوں ، میں اس عہدے پر فائز رہتے ہوئے وکلاء برادری کی فلاح و بہبود کیلئے کام کروں گا ۔نتائج کا اعلان ہوتے ہی جیتنے والے وکلاء کے حمایتیوں نے ڈھول کی تھاپ پربھنگڑے ڈالے اور کامیاب ہونے والوں کو کندھوں پر اٹھا کر نعرے بازی کی ۔اس موقع پر پولیس کی طرف سے سکیورٹی کے بھی انتہائی سخت انتظامات کئے گئے تھے ۔