جی سی لاہور کے طلبا ، اساتذہ کاجہلم کے قریب ٹلہ جوگیاں میں فیلڈ فائرنگ رینجز کا دورہ ،فائر پاور کا عملی مظاہرہ دیکھا

پاک فوج کے آفیسرز اور جوان مطلوبہ حربی مہارت سے لیس اور دفاعِ وطن کیلئے ہر لمحہ تیار ہیں‘ کور کمانڈر لاہور لیفٹیننٹ جنرل صادق علی

ہفتہ 27 فروری 2016 19:55

لاہور( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔27 فروری۔2016ء) گورنمنٹ کالج یونیورسٹی لاہور کے طلبا اور اساتذہ نے جہلم کے قریب ٹلہ جوگیاں میں فیلڈ فائرنگ رینجز کا دورہ کیا اور پاک فوج کی جانب سے فائر پاور کا عملی مظاہرہ دیکھا۔پاک فوج کی جانب سے بھاری ہتھیاروں کے ذریعے ہدف کو نشانہ بنانا، ٹینکوں کی پیش قدمی اور انفنٹری کی دُشمن پر یلغار کے شاندار مظاہرے نے طلبا کو بے حد متاثر کیا۔

انہوں نے پاک فضائیہ کے جنگی طیاروں کی جانب سے مشکل ترین اہداف کو انتہائی مہارت سے نشانہ بنانے کی مشق کو بھی بے حد سراہا۔ طلباء نے پاک فوج کی اِن جنگی مشقوں میں گہری دلچسپی لی اورانتہائی گرمجوشی سے فضا میں نعرہ تکبیر اﷲ اکبراور پاک فوج زندہ باد کے نعرے بلند کرتے رہے۔بعد ازاں طلبا نے مشقوں میں حصہ لینے والے پاک فوج کے آفیسرز اور جوانوں سے ملاقات کی۔

(جاری ہے)

اس موقع پر کمانڈر لاہور کور لیفٹیننٹ جنرل صادق علی نے طلباء سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاک فوج کی تاریخ جرأت اور قربانیوں سے لبریز ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاک فوج کے آفیسرز اور جوان مطلوبہ حربی مہارت سے لیس اور دفاعِ وطن کے لئے ہر لمحہ تیار ہیں۔کمانڈر لاہور کور نے مزید کہا کہ آج کی مشقیں پاک فوج کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کا مُنہ بولتا ثبوت ہے۔انہوں نے کہا کہ ہماری نوجوان نسل ہمارا روشن مستقبل اور قیمتی اثاثہ ہے اور پاک فوج ملک و قوم کے روشن مستقبل کیلئے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کرے گی۔ کور کمانڈر لیفٹیننٹ جنرل صادق علی نے مشقوں میں طلباء کی گہری دلچسپی اور جوش و ولولہ کو بے حد سراہا۔

متعلقہ عنوان :