سندھ کے عوام وڈیرے حکمرانوں سے تنگ آچکے ہیں،جاگیرداروں اور وڈیروں نے غریب عوام کو اپنا غلام بنا کررکھاہواہے

مسلم لیگ (ن) سندھ کے نائب صدر علی اکبر گجر کی لیگی کارکنوں سے گفتگو

ہفتہ 27 فروری 2016 19:17

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔27 فروری۔2016ء) پاکستان مسلم لیگ (ن) سندھ کے نائب صدر علی اکبر گجر نے کہا ہے کہ سندھ کے عوام وڈیرے حکمرانوں سے تنگ آچکے ہیں۔جاگیرداروں اور وڈیروں نے غریب سندھی عوام کو اپنا غلام بنا کررکھاہواہے۔مسلم لیگ(ن)سندھ کے ہاریوں اور غریب عوام کو وڈیرہ شاہی کے چنگل سے نجات دلاکر ہی دم لے گی۔پیپلزپارٹی چالیس پینتالیس سال سے سندھ کارڈ استعمال کر کے مرکزاورصوبے میں اقتدارحاصل کرتی چلی آرہی ہے لیکن مرکزمیں چاراور سندھ میں بار بار حکومت بنانے کے باوجود کوئی قابل ذکر کام نہیں کرسکی۔

اس کے برعکس مسلم لیگ(ن) کو جب بھی عوام نے موقع دیا قائدجمہوریت میاں نوازشریف نے درجنوں عظیم منصوبے دے کر ملک کو خوشحالی کی راہ پرلاکھڑاکیا۔

(جاری ہے)

موٹروے ،میٹرو،پاک چین اقتصادی راہداری کے بعد اب کراچی میں گرین لائن بس منصوبے کا آغاز اسی سلسلے کی کڑی ہے۔وہ اپنے دفتر گلشن جمال میں گرین لائن بس منصوبے کے آغازپر مبارکباد دینے کے لئے آنے والے مسلم لیگی کارکنوں سے بات چیت کررہے تھے۔

اس موقع پر ان کے ہمراہ مسلم لیگ(ن)ضلع کورنگی کے صدرعلی عاشق گجر،محمدفاضل عباسی ،فصیح الرحمٰن،چوہدری محمد سلیم، سردارگل خطاب، فیاض لاشاری، رانامحمدجمیل،احسن ورک اور دیگر بھی موجودتھے۔ انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی اپنے شہید قائدین کے فلسفے سے منحرف ہوگئی ہے اور اب اس کی تمام تر توجہ نوکریاں بیچنے اورکاغذی منصوبوں کی آڑ میں مال بنانے پرمرکوزہے۔یہی وجہ ہے کہ سندھ کے عوام اب اپنے مسائل کے حل کے لئے وزیراعظم میاں نوازشریف کی طرف دیکھ رہے ہیں۔مسلم لیگ (ن) سندھ کے عوام کو مایوس نہیں کرے گی اور مشکل وقت میں تنہانہیں چھوڑے گی اور عوام نے موقع دیاتو صوبے کو مسائل کی دلدل سے نکالے گی۔

متعلقہ عنوان :