پاکستان سویٹ ہوم کے زیرکفالت بچے ہماری توجہ کے مستحق ہیں، ہمیں ان کے ساتھ مل کر اپنی خوشیاں شیئر کرنی چاہئیں

رکن قومی اسمبلی سیمامحی الدین جیلانی کا سویٹ ہوم کے دورے کے موقع پر خطاب

ہفتہ 27 فروری 2016 19:13

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔27 فروری۔2016ء) ممبر قومی اسمبلی سیمامحی الدین جیلانی نے کہاہے کہ پاکستان سویٹ ہوم کے زیرکفالت بچے ہماری توجہ کے مستحق ہیں ہمیں ان کے ساتھ مل کر اپنی خوشیاں شیئر کرنی چاہئیں تاکہ ان میں اعتمادپیداہواور انہیں اپنے اکیلے ہونے کااحساس بھی نہ ہونے پائے۔ یہ باتیں انہوں نے پاکستان سویٹ ہوم کے دورے کے موقع پر وہاں زیرکفالت ننھے منے بچوں سے ملاقات کے موقع پر کہیں ۔

اس موقع پر ان کی فیملی کے تمام افراد بھی ان کے ہمراہ تھے،انہوں نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہاکہ آج ہمیں اپنے درمیان پاکر ان بچوں کے چہرے گلاب کی مانند کھل رہے ہیں اور ان کو خوش دیکھ کر مجھے بھی طمانیت محسوس ہورہی ہے،آج پاکستان سویٹ ہوم آکر جس طرح حوصلہ ملااسے الفاظوں میں ادانہیں کیاجاسکتا، یہاں پر ان بچوں کی بہتر تربیت اور دیکھ بھال ہورہی ہے ،پرفضاماحول میں رہائش اور تعلیم وتربیت ان بچوں کو عملی زندگی میں کامیاب انسان بنانے میں مددگارثابت ہوگی، یہ بچے ہماراتابناک مستقبل ہیں کل ان میں سے کوئی ڈاکٹر،کوئی انجینئر اور کوئی سیاستدان بنے گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ جس طرح یہاں ماحول اور صحت وصفائی کا خیال نظرآیاہے وہ لائق تحسین ہے۔ اس موقع پر ڈائریکٹربیت المال سندھ ڈاکٹرعدنان مجید ،اسسٹنٹ ڈائریکٹروسیم اختر،سابق ناظم ٹاؤن اظہاراحمد،سلیم جیلانی، سابق ممبر قومی اسمبلی فرحت حسین، رشید جیلانی ودیگر نے بھی خطاب کیا۔