مفاد عامہ کے منصوبوں پر بلاجواز تنقید ملک کی ترقی اور عام آدمی کی خوشحالی کی مخالفت ہے‘ شہبازشریف

عوام ماضی کی طرح آئندہ بھی فلاح و بہبود کے منصوبوں پر بلاجواز تنقید کر نیوالوں کو مسترد کر دیں گے ملک ترقی، خوشحالی، امن اور روشنی کے پرامید سفر پر گامزن ہے،وزیراعلیٰ کی وفاقی وزیر عبدالقادر بلوچ سے گفتگو

ہفتہ 27 فروری 2016 18:46

لاہور( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔27 فروری۔2016ء ) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف سے وفاقی وزیر لیفٹیننٹ جنرل (ر) عبدالقادر بلوچ نے ملاقات کی جس میں باہمی دلچسپی کے امور اور دیگر معاملات پر بات چیت کی گئی۔ وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم محمد نواز شریف کی قیادت میں ملک کی ترقی و خوشحالی کے نئے سفر کا آغاز ہو چکا ہے۔

چائنہ پاکستان اکنامک کوریڈور کے منصوبوں پر تیز رفتاری سے عملدرآمد جاری ہے۔ سی پیک پاکستان کیلئے ایک گیم چینجر کی حیثیت رکھتا ہے۔سی پیک کے منصوبے مکمل ہونے سے پاکستان کی تقدیر بدل جائے گی۔ انہو ں نے کہا کہ ملک ترقی، خوشحالی، امن اور روشنی کے پرامید سفر پر گامزن ہے اور آج کا پاکستان 2013 کے مقابلے میں زیادہ محفوظ اور معاشی طو رپر مستحکم ہے۔

(جاری ہے)

وزیراعظم محمد نواز شریف کی قیادت میں پاکستان کو قائداعظم محمد علی جناحؒ کے خواب کی حقیقی تعبیر دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی حکومت سیاست کو عبادت اور خدمت سمجھتی ہے اور اسی وژن کے تحت فلاح عامہ کے منصوبوں کو مکمل کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اورنج لائن میٹرو ٹرین مفاد عامہ کا ایک عظیم منصوبہ ہے جس کی تکمیل سے لاکھوں افراد کو فائدہ پہنچے گا اور عام آدمی کو عالمی معیار کی تیز رفتار، باکفایت اور جدید سفری سہولتیں میسر آئیں گی۔

انہو ں نے کہا کہ میٹرو بس پراجیکٹس کی زبردست عوامی مقبولیت اور پذیرائی ملنے کے بعد اورنج لائن میٹرو ٹرین کا منصوبہ شروع کیا گیا ہے جس پر تیز رفتاری کے ساتھ کام جاری ہے۔ انہو ں نے کہا کہ مفاد عامہ کے منصوبوں پر بلاجواز تنقید پاکستان کی ترقی اور عام آدمی کی خوشحالی کی مخالفت ہے۔ عوام ماضی میں مفاد عامہ کے منصوبوں کی مخالفت کرنے والوں کو یکسر مسترد کر چکے ہیں اور بلدیاتی الیکشن میں بھی عوام نے ترقی و خوشحالی کی راہ میں رخنہ ڈالنے والوں کو رد کیا اور آئندہ بھی عوام ایسے عناصر جو فلاح و بہبود کے منصوبوں پر بلاجواز تنقید کرتے ہیں، انہیں مسترد کر دیں گے۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی حکومت کا ہر قدم عوام کی ترقی و خوشحالی کیلئے اٹھ رہا ہے اور پاکستان کو ترقی و خوشحالی کی منزل تک لے جانے میں کوئی کسر اٹھا نہ رکھیں گے اور وہ دن دور نہیں جب پاکستان امن کا گہوارہ بنے گا اور روشنیوں کا ملک کہلائے گا۔ وفاقی وزیرعبدالقادر بلوچ نے اس موقع پر وزیراعلیٰ شہبازشریف کی عوامی خدمت کے وژن کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کی قیادت میں پنجاب حکومت عوام کو سہولتوں کی فراہمی کیلئے بہترین اندا ز میں کام کررہی ہے۔

متعلقہ عنوان :