گرین لائن بس منصوبے سے کراچی کے عوام رعایتی اور آرام دہ سفری سہولت سے استفادہ کرسکیں گے

ریڈیو پاکستان کے پروگرام میں سینیٹر نہال ہاشمی،مریم اورنگزیب اور سلیم ضیاء کی گفتگو

ہفتہ 27 فروری 2016 18:27

اسلام آباد ۔ 27 فروری (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔27 فروری۔2016ء) پاکستان مسلم لیگ(ن) کے رہنما سینیٹر نہال ہاشمی نے کہا ہے کہ گرین لائن بس منصوبے سے کراچی کے عوام رعایتی اور آرام دہ سفری سہولت سے استفادہ کرسکیں گے۔

(جاری ہے)

ریڈیو پاکستان کے ایک پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ وفاقی حکومت کے کراچی میں شروع کئے گئے منصوبے سے لاکھوں لوگوں کوفائدہ ہوگا اور وہ اطمینان بخش سفری سہولت سے فائدہ اٹھاسکیں گے، حکومت کراچی سے دہشت گردی کے خاتمہ اور امن وامان کے قیام کیلئے کوشاں ہے، پارلیمانی سیکرٹری داخلہ مریم اورنگزیب نے کہا کہ جس طرح میٹرو بس منصوبے سے اسلام آباد راولپنڈی کے لوگ روزانہ کی بنیاد پر استفادہ حاصل کررہے ہیں، ایسے ہی جب کراچی میں گرین لائن بس منصوبہ مکمل ہوگا، یہاں کے لوگ سکھ کا سانس لیں گے۔

یہ حکومت کی جانب سے کراچی کے عوام کیلئے تحفہ ہے۔ پاکستان مسلم لیگ(ن) کے سینیٹر سلیم ضیاء نے پروگرام کے دوران گفتگو میں کہا کہ کراچی میں سفر کا ناقص نظام ہے، اس منصوبے کی تکمیل کے بعد عوام کو بہت ریلیف ملے گا، حکومت یہاں بہتر سیوریج کے نظام اور پینے کے صاف پانی کیلئے مختلف منصوبہ جات کا آغاز کرے گی۔