ایشین جوڈو چیمپئن شپ اپریل میں کھیلی جائے گی، قومی جوڈوکاز کے پاس اولمپک میں کوالیفائی کرنے کا آخری موقع

ہفتہ 27 فروری 2016 16:51

اسلام آباد ۔ 27 فروری (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔27 فروری۔2016ء) قومی ٹیم رواں برس اپریل میں شیڈول ایشین جوڈو چیمپئن شپ میں شرکت کریگی۔ ایونٹ برازیل میں ہونے والے ریو اولمپکس گیمز کے سلسلے میں کوالیفائنگ ٹورنامنٹ تصور ہوگا اور یہ پاکستانی جوڈوکاز کے پاس میگا گیمز تک رسائی کا آخری موقع ہوگا۔ پاکستان نے قومی جوڈوکاز کو جدید اور اعلی معیار کی تربیت کیلئے ازبکستان سے تعاون کی درخواست کی ہے۔

ایشین جوڈو چیمپئن شپ 14 سے 17 اپریل تک ازبکستان میں کھیلی جائے گی۔ پاکستان جوڈو فیڈریشن (پی جے ایف) کے سیکرٹری جنرل مسعود احمد نے بتایا ہے کہ انٹرنیشنل جوڈو ٹریننگ سینٹر ازبکستان کا شمار دنیا کے بہترین سینٹرز میں ہوتا ہے۔ ہماری خواہش ہے کہ قومی جوڈوکاز کو بھی اس میں تربیت کا موقع ملے اور اسی سلسلے میں ہم نے اپنے ازبکستان کے ہم منصب کو لیٹر لکھا ہے جس میں ہم نے ان سے درخواست کی ہے کہ وہ ہمارے کھلاڑیوں کو بھی وہاں پر تربیت حاصل کرنے کی اجازت دیں۔

(جاری ہے)

ان کا کہنا ہے کہ ہم ٹریننگ کیلئے شاہ حسین شاہ، قیصرخان اور سمیع کو بھیجنا چاہتے ہیں۔ شاہ حسین شاہ نے حال ہی میں ساؤتھ ایشین گیمز میں طلائی تمغہ جیتا تھا اسلئے ہماری ان سے توقعات بڑھ گئی ہیں، امید ہے کہ وہ عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کر کے بہترین نتائج دیں گے۔