ذوالفقار مرزا اور ساتھیوں کیخلاف مقدمات کی سماعت 26 مارچ تک ملتوی

آصف علی زرداری کو سکون پہنچانے کے لیے انھیں بلایا جاتا ہے اورکٹہرے میں کھڑا کیا جاتا ہے،سابق وزیر داخلہ سندھ

ہفتہ 27 فروری 2016 16:10

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔27 فروری۔2016ء)کراچی میں انسداد دہشتگردی کی عدالت نے سابق وزیر داخلہ سندھ ذوالفقار مرزا اور انکے ساتھیوں کے خلاف 5 مقدمات کی سماعت 26 مارچ تک ملتوی کردی ہے۔انسداد دہشتگردی کی عدالت نے ہفتہ کو مقدمات کی سماعت 5 ملزمان کی عدم موجودگی کے باعث ملتوی کردی ۔ملزمان کو مقدمے کی نقول فراہم کی جانی تھی۔

(جاری ہے)

مقدمے کی نقول فراہم نہ ہونے کے باعث ملزمان پر فرد جرم عائد نہ ہوسکی۔ذوالفقار مرزا اور ان کے ساتھیوں پرجلاوٴ گھیراوٴ، ڈکیتی، پولیس اہلکاروں کو دھمکیاں دینے اور دہشتگردی کی دفعات کے تحت مقدمات درج ہیں۔مقدمات بدین اور کراچی کے مختلف تھانوں میں درج کیے گئے ہیں۔اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ذوالفقار مرزا نے کہا کہ انسداد دہشتگردی کی عدالت میں آصف علی زرداری کو سکون پہنچانے کے لیے انھیں بلایا جاتا ہے اورکٹہرے میں کھڑا کیا جاتا ہے۔