کسی ادارے کسی وکیل یا شخص کی زبان بندی کا حق حاصل نہیں‘ عاصمہ جہانگیر

ہفتہ 27 فروری 2016 14:51

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔27 فروری۔2016ء) سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کی سابق صدر عاصمہ جہانگیر نے کہا ہے کہ کسی ادارے کو یہ حق حاصل نہیں کہ کسی وکیل یا شخص کی زبان بندی کرسکیں، عدلیہ کا ادارہ وکیل یا ججوں کی ملکیت نہیں ،بارکسی جج کی ڈکٹیٹرشپ قبول نہیں کرے گی ۔

(جاری ہے)

لاہورمیں ہائیکورٹ بار کے سالانہ انتخابات کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عاصمہ جہانگیر نے کہا کہ افتخار محمد چوہدری کے جانے سے عدلیہ میں اچھی تبدیلیاں آئی ہیں لیکن ابھی ماحول اتنا خوش آئند نہیں کہ یہ کہا جاسکے کہ عوام کو انصاف مل رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ کسی ادارے کو یہ حق حاصل نہیں کہ کسی وکیل یا شخص کی زبان بندی کرسکیں، بارکسی جج کی ڈکٹیٹرشپ قبول نہیں کرے گی ،عدلیہ کا ادارہ وکیل یا ججوں کی ملکیت نہیں اس کے مالک پاکستان کی عوام ہیں۔انہوں نے کہا کہ ایسی جماعتیں بارکی سیاست میں اتنی مداخلت کریں جتنی انہیں زیب دیتی ہے ، اگربارنہ ہو تو سیاسی جماعتیں دو دن جمہوریت نہیں نکال سکتی۔