پشاور اور ضلع ہنگو میں دو شیرخوار بچوں کے پولیو کے مرض میں مبتلا ہونے کی تصدیق ہوگئی

ہفتہ 27 فروری 2016 13:02

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔27 فروری۔2016ء) صوبہ خیبر پختونخوا کے دارالحکومت پشاور اور ضلع ہنگو میں دو شیرخوار بچوں کے پولیو کے مرض میں مبتلا ہونے کی تصدیق ہوئی ہے۔ مریضوں کے سامنے آنے کے بعد صوبے میں رواں برس نئے مریضوں کو تعداد تین ‘ ملک بھر میں پانچ تک پہنچ گئی ہے۔

(جاری ہے)

رپورٹ کے مطابق جن دو بچوں میں پولیو کا مرض پایا گیا ہے ان میں سے ایک کے والدین نے قطرے پلانے سے انکار کیا تھا ‘ دوسرا ماضی میں یہ ویکسین پیتا رہا ہے۔

پشاور میں پولیو سے متاثر ہونے والے بچے کا نام جریر بتایا گیا ہے اور اس کی عمر 21 ماہ ہے۔بچے کا تعلق حیدر کالونی اخون آباد سے ہے اور اس کے والدین نے اسے پولیو سے بچاوٴ کے قطرے پلانے کی اجازت نہیں دی تھی۔ہنگو میں پولیو سے متاثرہ بچی نورین بی بی کی عمر سات ماہ بتائی گئی ہے جو محلہ موسیٰ جان گنجیانو کلے کی رہائشی ہے۔ بچی کے بارے میں کہا گیا ہے کہ یہ ماضی میں پولیو سے تحفظ کی ویکسین باقاعدگی سے پیتی رہی ہے۔

متعلقہ عنوان :