گرین لائن بس کی شکل میں وزیر اعظم نے کراچی کی عوام کو گراں قدر تحفہ کو دیا

عوام کی زندگی میں خوشگوار تبدیلی ،بے ہنگم ٹریفک کنٹرول کرنے مددگار ثابت ہوگا،شاندارمنصوبہ ہے جس کا دائرہ پورے شہر تک پھیلانا چاہئے،چیئرمین آفاق احمد

جمعہ 26 فروری 2016 22:25

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔26 فروری۔2016ء) مہاجر قومی موومنٹ (پاکستان) کے چیئرمین آفاق احمد نے گرین لائن بس سروس منصوبے پر کراچی کے عوام کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ وفاق کو دیر سے ہی سہی کراچی کا خیال تو آیا،ڈیڑھ کروڑ سے زیادہ کی آبادی جس طرح ٹوٹی پھوٹی بسوں میں دھکے کھانے اور ٹرانسپورٹ مافیا کے ہاتھوں ذلیل و خوار ہونے پر مجبور تھی اسے دیکھتے ہوئے گرین لائن بس سروس ایک ایسا منصوبہ ہے کہ جس کی جتنی تعریف کی جائے کم ہے۔

آفاق احمد نے کہا کہ کسی بھی قوم کی ترقی کا پیمانہ بہترین تعلیمی سہولیات اور پرسکون و جدید ذرائع نقل و حمل ہوتے ہیں اس لئے یہ کہنا غلط نہ ہوگا کہ گرین لائن منصوبہ عوام کی زندگیوں میں خوشگوار تبدیلی لائے گا اور بے ہنگم ٹریفک کو کنٹرول کرنے کا زریعہ بھی ثابت ہوگا۔

(جاری ہے)

آفاق احمد نے کہا کہ گرین لائن بس سروس کا موجودہ روٹ پورے کراچی کی ضروریات کیلئے ناکافی ہے ،وزیر اعظم جنہوں نے اس اہم منصوبے میں ذاتی دلچسپی لی انہیں اس کا دائرہ پورے شہر تک پھیلانے پر بھی توجہ دینی ہوگی کیونکہ سرجانی سے ٹاور تک صرف دو ضلع ہی مستفید ہونگے اور بقایا چار اضلاع اس سے محروم رہیں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ مہاجر قومی موومنٹ ہر اس کوشش کا کھلے دل سے خیر مقدم کرتی ہے جس سے عوام کی زندگی آسان اور کراچی کی خوبصورتی میں اضافہ ہو، وزیر اعظم پاکستان کا ذاتی طور پر مشکور ہوں کہ انہوں نے کراچی کے عوام کو درپیش مسائل کا سوچا اور گرین لائن بس کی شکل میں ایک گراں قدر تحفہ کراچی کی عوام کو دیا۔

متعلقہ عنوان :