خواتین کو معاشرے کے تمام شعبوں میں یکساں مواقع دینا آسٹریلیاکی خارجہ پالیسی کاحصہ ہے

پاکستان میں آسٹریلیا کی ہائی کمشنر مارگریٹ ایڈمسن کا مباحثے میں اظہار خیال

جمعہ 26 فروری 2016 22:08

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔26 فروری۔2016ء) پاکستان میں آسٹریلیا کی ہائی کمشنر مارگریٹ ایڈمسن نے کہاہے کہ آسٹریلیا اپنی خارجہ پالیسی کے تحت خواتین کو معاشرے کے تمام شعبوں میں یکساں مواقع دینے اور انہیں برابری کی بنیاد پر انصاف فراہم کرنے کی وکالت کرتا ہے۔ جمعہ کو ’’انٹریپرینیورشپ: اے پاتھ ٹو پیس‘‘ کے موضوع پر ہونے والے گول میز مباحثے میں اپنی تقریر کے دوران معاشی افزائش کے عمل میں خواتین کی شمولیت میں اضافے کی اہمیت پر زور دیا، کراچی میں ہونے والے اس گول میز مباحثے میں اس حوالے سے بات کی گئی کہ انٹریپرینیورشپ اور صنف کو مرکزی دھارے کا حصہ بنانے سے ایسے علاقائی روابط استوار کرنے میں مدد مل سکتی ہے جن سے امن و استحکام کو فروغ مل سکتا ہے۔

(جاری ہے)

مارگریٹ ایڈمسن نے کہا کہ آسٹریلیا اپنی خارجہ پالیسی کے تحت خواتین کو معاشرے کے تمام شعبوں میں یکساں مواقع دینے اور انہیں برابری کی بنیاد پر انصاف فراہم کرنے کی وکالت کرتا ہے، خواتین کو معاشی طور پر بااختیار بنانے اور کاروباری شعبے میں ان کے قدم رکھنے سے نہ صرف خواتین اور ان کے گھرانوں کو فائدہ پہنچے گا بلکہ اس سے امن و سلامتی کو بھی فروغ ملے گا اور فیصلہ سازی، قیادت اور تعمیر امن کے عمل میں خواتین کی آواز بہتر ہو گی۔

انسٹی ٹیوٹ فار ڈویلپمنٹ سٹڈیز اینڈ پریکٹسز پاکستان کی بانی ڈاکٹر قرۃ العین بختیاری اور معروف فنکار اور امن کارکن یوسف بشیر قریشی بھی گول میز مباحثے کے پینل ارکان میں شامل تھے۔ دونوں نے امن و استحکام کے فروغ کے لئے خطے کے لوگوں کے درمیان باہمی روابط کو فروغ دینے کی اہمیت کو اجاگر کیا۔ یہ گول میز مباحثہ آسٹریلیائی حکومت کی کاوش آسٹریلیا ایوارڈز ساؤتھ ویسٹ ایشیا پروگرام کے سلسلے میں منعقد کیا گیا، آسٹریلیا ایوارڈز ایسے افراد کی مہارتوں اور علم کو بہتر بنانے کے لئے دئیے جاتے ہیں جو اپنے ملک کی ترقی میں اپنا کردار ادا کر سکیں۔

ان کا مقصد آسٹریلیا اور اس کے پارٹنر ممالک کے درمیان روابط کو بہتر بنانے میں بھی مدد دینا ہے، آسٹریلیا ایوارڈز کے تحت طویل مدتی سکالر شپ کے علاوہ شارٹ کورس ایوارڈ بھی دئیے جاتے ہیں جن کے ساتھ ضمنی معاون سرگرمیاں بھی شامل ہوتی ہیں۔ گول میز مباحثے میں پاکستانی انٹریپرینیورز ، امن کارکنوں کے علاوہ ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان، فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری اور کراچی چیمبر آف کامرس کے نمائندوں نے بھی شرکت کی، افغانستان، بھوٹان، مالدیپ، نیپال، پاکستان اور سری لنکا سے آسٹریلیا ایوارڈز حاصل کرنے والی پندرہ خواتین نے بھی اس مباحثے میں حصہ لیا۔

ایوارڈ یافتگان نے پاکستان سوسائٹی فار ٹریننگ اینڈ ڈویلپمنٹ کی طرف سے منعقد کی گئی ویمن ان بزنس اینڈ لیڈرشپ کانفرنس میں بھی شرکت کی۔

متعلقہ عنوان :