دانش سکول میانوالی کے ہاسٹل میں بچی زہریلا کھانا کھانے سے جاں بحق ہو گئی لیکن کسی کے خلاف کارروائی نہیں ہوئی‘ انعام اﷲ نیازی

واقعہ کی انکوائری ہو رہی ہے جو بھی حقائق سامنے آئیں گے اس کے مطابق سخت کارروائی کی جائیگی،کسی کی غفلت ثابت ہوئی تو قرار واقعی سزا دی جائیگی‘ رانا ثنا اﷲ

جمعہ 26 فروری 2016 21:50

لاہور( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔26 فروری۔2016ء) پنجاب اسمبلی کے اجلاس میں حکومتی رکن انعام اﷲ نیاز ی نے نقطہ اعترا ض پر بات کرتے ہوئے انکشا ف کیا کہ دانش سکول میانوالی کے ہاسٹل میں رہنے والی آٹھ سالہ غریب بچی زہریلا کھانا کھانے سے جاں بحق ہو گئی لیکن اسکے باوجود انتظامیہ کی کان پر جوں رینگی اور نہ کسی کے خلاف کوئی کارروائی کی گئی ۔

اس پر اسپیکر رانا محمد اقبال نے ایوان میں موجود صوبائی وزیر تعلیم رانا مشہود سے کہا کہ اس پر توجہ کریں جس پرانعام اﷲ نیازی نے کہا کہ وہ اپنے بھائی رانا ثنا اﷲ کی توجہ چاہتے ہیں اور میں اپنی گزارش ان کی خدمت میں پیش کر نا چاہتا ہوں کیونکہ وہ شیڈو وزیر اعلیٰ بھی ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ بچی نے رات کو ہاسٹل سے کھانا کھایا اور ساری رات تڑپتی رہی اور سکول انتظامیہ نے بچیوں کے شور پر بھی کوئی توجہ نہیں دی اور صبح ساڑھے چھ بجے بچی کو ڈی ایچ کیو میانوالی لیجایا گیا جہاں وہ دم توڑ گئی ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ لاہور میں کسی وی آئی پی کے ساتھ چھوٹا سا بھی واقعہ ہو تو اخبارات کی شہ سرخی اور ٹی وی کی بریکنگ نیوز بن جاتا ہے لیکن پسماندہ علاقے میں غریب کی بچی مر گئی اور کسی کے کان پر جوں تک نہیں رینگی ۔ میرا مطالبہ ہے کہ پرنسپل اور ہاسٹل وارڈن کے خلاف قتل کا مقدمہ درج کیا ۔ رانا ثنا اﷲ خان نے کہا کہ واقعہ کی انکوائری ہو رہی ہے جو بھی حقائق سامنے آئیں گے اس کے مطابق سخت کارروائی کی جائے گی اور اگر کسی کی غفلت ثابت ہوئی تو قرار واقعی سزا دی جائے گی ۔

متعلقہ عنوان :