Live Updates

ارکان پارلیمنٹ اور کراچی کے شہریوں کا وزیراعظم کی طرف سے گرین لائن بس منصوبے کاخیر مقدم

کراچی میں اربوں روپے کے منصوبے سے شہریوں کو لاہور اور راولپنڈی کے عوام کی طرح جدید سفری سہولیات میسر ہوں گی اور یہ تاثربھی زائل ہو گا کہ وفاقی حکومت صرف ایک صوبے میں میگا منصوبے بنا رہی ہے وفاقی وزیر بین الصوبائی رابطہ ریاض پیرزادہ، پی ٹی آئی کے رکن اسمبلی جہانگیر ترین ، ایم کیو ایم کے آصف حسنین اور دیگرکا وزیراعظم کے دورہ کراچی پرردعمل

جمعہ 26 فروری 2016 20:47

اسلام آباد +کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔26 فروری۔2016ء) ارکان پارلیمنٹ اور کراچی کے شہریوں نے وزیراعظم نواز شریف کی طرف سے کراچی میں گرین لائن بس منصوبے کی ستائش کرتے ہوئے کہا ہے کہ کراچی میں اربوں روپے کے منصوبے سے شہریوں کو لاہور اور راولپنڈی کے عوام کی طرح جدید سفری سہولیات میسر ہوں گی اور یہ پراپیگنڈا بھی زائل ہو گا کہ وفاقی حکومت صرف ایک صوبے میں میگا منصوبے بنا رہی ہے ۔

جمعہ کو پارلیمانی گیٹ پر وفاقی وزیر برائے بین الصوبائی رابطہ ریاض پیرزادہ، پی ٹی آئی کے رکن اسمبلی جہانگیر خان ترین اور ایم کیو ایم کے آصف حسنین اور دیگر نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے منصوبے کو کراچی کے شہریوں کی سفری مشکلات کے حل کیلئے ایک اہم اور بڑی پیش رفت قرار دیا۔

(جاری ہے)

ریاض پیرزادہ نے کہا کہ ملک کے کسی بھی شہر کے عوام کو کوئی سہولت فراہم کی جائے تو اس کی تعریف کی جانی چاہیے مگر لاہور اور اسلام آباد میں میٹرو بس سروس شروع ہونے پر تعمیر و ترقی کے بعض مخالف عناصر نے پراپیگنڈا کیا کہ نواز شریف کی حکومت صرف پنجاب اور لاہور کو پاکستان سمجھتی ہے، کراچی میں ماس ٹرانزٹ کے اس بڑے منصوبے سے مخالفین کے اس پراپیگنڈے کو زائل کرنے میں بھی مدد ملی ہے، نواز شریف نے اپنے ہر دور میں بلا تخصیص پورے پاکستان کی مذمت کی ہے اور ملک کے چاروں صوبوں میں تعمیر و ترقی کے متعدد بڑے منصوبے اس کا ثبوت ہیں۔

جہانگیر خان ترین اور آصف حسنین نے بھی کراچی گرین بس منصوبے کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ اس سے کراچی کے شہریوں کو سہولت حاصل ہو گی تاہم تعلیم، صحت اور روزگار کے لئے اقدامات کرے، کراچی گرین بس منصوبے کے افتتاح کے بعد کراچی کے شہریوں کی ایک بڑی تعداد میں اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔26 فروری۔2016ء کے ایک سروے میں منصوبے پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کراچی میں ٹرانسپورٹ کے مسائل ملک کے دیگر شہروں سے زیادہ پیچیدہ اور گھمبیر ہیں، کراچی کی نمائندہ شخصیات ، جماعتوں اور صوبائی حکومت نے بھی ان مسائل کے حل کی کوشش نہیں کی۔

وزیر اعظم نواز شریف نے کراچی کے شہریوں کو گرین بس کا منصوبہ دیکر انکے دل جیت لیئے ہیں، یہ منصوبہ بروقت مکمل ہوا تو عوام اسے نواز شریف کے تحفے کے طور پر یاد رکھیں گے،شہریوں کو کھٹارہ بسوں اور اذیت ناک روایتی ٹرانسپورٹ سسٹم سے نجات ملے گی ، تاہم شہرویوں نے مطالبہ کیا کہ وزیراعظم اس منصوبے کو بروقت مکمل کرانے کیلئے خودنگرانی کریں اور پارٹی کے کسی ایماندار اور محنتی رہنما کو منصوبے کی ترقیاتی کمیٹی کا سربراہ لگائیں بعض شہریوں نے کہا کہ وزیراعظم کراچی میں پینے کے پانی کے منصوبے کیلئے بھی فنڈز مختص کریں۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات