گرین لائن بس منصوبہ کا سنگ بنیاد رکھنے پر وزیراعظم سے گورنر سندھ اور وزیر اعلیٰ سندھ کا اظہار تشکر

اورنج لائن منصوبہ جلد شروع کیا جائے گا،کراچی کو پانی اور بجلی کی بھی بہت ضرورت ہے امن وامان کی بحالی پر بھی وزیراعظم محمد نواز شریف کے مشکورہیں، قائم علی شاہ وزیراعظم کے جرأت مندانہ اقدام کی وجہ سے شہر میں امن بحال ہوا ہے ،پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سینیٹر نہال ہاشمی کا تقریب سے خطاب

Zeeshan Haider ذیشان حیدر جمعہ 26 فروری 2016 20:21

کراچی(اُردو پوائنٹ تازہ ترین ۔۔ آئی پی اے ۔۔ 26 فروری۔2015ء) گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان اور وزیراعلی سندھ سید قائم علی شاہ نے کراچی شہریوں کے دیرینہ مطالبے گرین لائن بس رپیڈ ٹرانزٹ سسٹم کا سنگ بنیاد رکھنے پر وزیراعظم محمد نواز شریف کا شکریہ ادا کیا۔ وہ جمعہ کو 16 ارب روپے لاگت سے گرین لائن بس منصوبے کے سنگ بنیاد رکھنے کے حوالے سے منعقدہ تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔

وزیراعظم محمد نواز شریف نے منصوبے کا سنگ بنیاد رکھا۔ گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان نے کہا کہ یہ منصوبہ کراچی کے شہریوں کا دیرینہ مطالبہ تھا اور شہر کی ضرورت بھی تھا۔ گورنر سندھ نے کہا کہ کراچی ایک خوبصورت شہر تھا جس کی وجہ سے شہر کی آبادی بڑھی لیکن بڑھتی ہوئی آبادی کے حساب سے شہر کے انفرااسٹرکچر پر توجہ نہیں دی گئی جس سے خلاء پیدا ہوا اور مسائل نے جنم لیا۔

(جاری ہے)

گورنر نے کہا کہ وزیراعظم محمد نواز شریف نے اس طرف توجہ دی اور 2013ء میں امن وامان قائم کرنے کے لئے جرت مندانہ اقدام اٹھایا۔ گورنر سندھ نے کہا کہ تمام سیاسی، مذہبی جماعتوں اور اسٹیک ہولڈرز نے وزیراعظم کی قیادت میں اس جرت مندانہ اقدام کی حمایت کی اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے اپنی کارروائیاں شروع کیں اور ان کی سخت محنت قربانیوں کی وجہ سے آج شہر میں امن بحال ہوا ہے۔

گورنر سندھ نے کہا کہ کراچی میں امن وامان کی بحالی کا کریڈٹ وزیراعظم محمد نواز شریف، صوبے اور شہر کے پولیٹیکل اسٹیک ہولڈرز کو جاتا ہے۔ ڈاکٹر عشرت العباد خان نے آرمی چیف جنرل راحیل شریف، کور کمانڈر کراچی میجر جنرل نوید مختار، ڈائریکٹر جنرل آف پاکستان رینجرز سندھ میجر جنرل بلال اکبر کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے وزیراعظم کی امن کی عزم کو عملی کرکے دکھایا اور دہشت گردی کی مشکل حالات پر قابو پایا۔

گورنر سندھ نے کہا کہ آج کا یہ منصوبہ تاریخی ہے جو ایک سال کے مدت میں مکمل ہو گا۔ گورنر سندھ نے کہا کہ کراچی آپریشن کو منظقی انجام تک پہنچایا جائے گا۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے وزیراعلی سندھ سید قائم علی شاہ نے گرین لائن بس رپیڈ ٹرانزٹ سسٹم کو اہم منصوبہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس کی اشد ضرورت تھی۔ انہوں نے اعلان کیا کہ اورنج لائن منصوبہ بھی جلد شروع کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ کراچی کو پانی اور بجلی کی بھی بہت ضرورت ہے۔ انہوں نے امن وامان کی بحالی پر بھی وزیراعظم محمد نواز شریف کا شکریہ ادا کیا۔ قائم علی شاہ نے کہا کہ اس حوالے سے 70 فیصد کامیابیاں ملی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت صوبے میں اغواء برائے تاوان کا ایک بھی کیس نہیں ہے اور بہت جلد یہ امن کا قلعہ بنے گا۔ انہوں نے امن وامان کے قیام کے حوالے سے قانون نافذکرنے والے اداروں کی قربانیوں و کاوشوں کو بھی سراہا۔

پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سینیٹر نہال ہاشمی نے خطاب کرتے ہوئے کراچی میں منصوبے کا سنگ بنیاد رکھنے پر وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کے جرت مندانہ اقدام کی وجہ سے شہر میں امن بحال ہوا ہے۔ قبل ازیں سی ای او کراچی انفراسٹرکچر ڈویلپمنٹ کمپنی صالح فاروقی نے منصوبے کے اہم خصوصیات پر روشنی ڈالی۔ اس موقع پر وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر پرویز رشید، وزیر مملکت حکیم بلوچ، صوبائی وزراء، اراکین پارلیمنٹ اور دیگر اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔