وزیراعظم محمد نواز شریف نے کراچی میں تیز ترین بس سروس ’’گرین لائن منصوبے‘‘ کا سنگ بنیاد رکھ دیا

منصوبہ 16 ارب روپے کی لاگت سے ایک سال میں مکمل ہوگا، روزانہ 3 لاکھ شہریوں کو جدید اور آرام دہ سفری سہولیات میسر آئیں گی،22 کلو میٹر راستے میں 22 اسٹیشنز بنائے جائیں گے

Zeeshan Haider ذیشان حیدر جمعہ 26 فروری 2016 20:20

کراچی (اُردو پوائنٹ تازہ ترین ۔۔ آئی پی اے ۔۔ 26 فروری۔2015ء) وزیراعظم محمد نواز شریف نے کراچی میں تیز ترین بس سروس کے نظام گرین لائن منصوبے کا سنگ بنیاد رکھ دیا ہے۔ انہوں نے گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد، وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ کے ہمراہ تختی کی نقاب کشائی کر کے منصوبے کا آغاز کیا۔ وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر پرویز رشید اور دیگر اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔

اس موقع پر ملک کی ترقی اور خوشحالی کے لئے دعا بھی کی گئی اور وزیراعظم نے ایک پودا بھی لگایا۔ کراچی انفراسٹرکچر ڈویلپمنٹ کمپنی کے چیف ایگزیکٹو صالح فاروقی نے منصوبے کے خدوخال پر روشنی ڈالتے ہوئے بتایا کہ یہ منصوبہ ماحول دوست ہے، وزیراعظم کی ہدایات کے مطابق منصوبے میں شفافیت، میرٹ اور قومی خزانے کی بچت کے پہلوؤں کو مدنظر رکھا گیا ہے۔

(جاری ہے)

منصوبے کے پہلے مرحلے پر کام شروع کر دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ منصوبے کی تعمیر میں معیار کو یقینی بنایا جائے گا۔ توقع ہے کہ منصوبہ اپنی مقررہ مدت سے پہلے پایہ تکمیل کو پہنچے گا۔ انہوں نے کہا کہ گورنر سندھ اور وزیراعلیٰ کی ذاتی دلچسپی اور معاونت حاصل رہی۔ انہوں نے کہا کہ ہم منصوبے میں اعلیٰ معیار کے ساتھ ساتھ سستی سہولیات کی فراہمی پر توجہ مرکوز کئے ہوئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ یہ منصوبہ کراچی کے شہر کے لئے تاریخی حیثیت رکھتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت نے منصوبے کے لئے فنڈز کی ہنگامی بنیادوں پر منظوری دی ہے۔ 16 ارب روپے کی لاگت سے شروع کیا جانے والا گرین لائن منصوبہ شہر قائد میں ٹرانسپورٹ پر دباؤ کم کرنے کے ساتھ ساتھ سستی سفری سہولیات مہیاء کرے گا۔ یہ منصوبہ ایک سال کی مدت میں مکمل کیا جائے گا۔

کراچی میں گرین لائن منصوبہ وفاقی حکومت کی جانب سے شروع کیا جا رہا ہے جو ٹرانسپورٹ کے نظام میں بہتری کے لئے اہم سنگ میل ہے۔ وفاقی حکومت منصوبے کے تمام اخراجات برداشت کر رہی ہے۔ سرجانی ٹاؤن سے میونسپل پارک ایم اے جناح روڈ تک بس چلے گی۔ منصوبے کی تکمیل سے روزانہ تقریباً 3 لاکھ شہریوں کو جدید اور آرام دہ سفری سہولیات میسر آئیں گی۔ 22 کلو میٹر طویل منصوبہ 11.7 کلو میٹر بالائی اور 7.7 کلو میٹر زمین پر ہوگا۔ راستے میں 22 اسٹیشنز بنائے جائیں گے اور ہر اسٹیشن کے درمیان 800 میٹر کا فاصلہ ہوگا۔ یہ منصوبہ کراچی انفراسٹرکچر ڈویلپمنٹ کمپنی کے خودمختار ادارے کے زیر انتظام ہوگا جبکہ بورڈ آف ڈائریکٹرز منصوبہ بندی اور عمل درآمد کا ذمہ دار ہوگا۔