وزیر داخلہ کے احکامات نظر انداز،نادرا اہلکار وں کاغیر ملکیوں کو قومی شناختی کارڈ بنا کر دینے کا سلسلہ جاری

نادرا اہلکاروں نے 10 سے 20 ہزار رشوت لیکر افغان ، ازبک ، بنگالی، چینی اور امریکی باشندوں کو جعلی شناختی کارڈ بنا کر دیئے‘ کئی مارے گئے دہشتگردوں سے بر آمد زیادہ تر جعلی شناختی کارڈ کراچی سے جاری ہوئے‘ خفیہ ادارے کی رپورٹ

جمعہ 26 فروری 2016 19:27

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔26 فروری۔2016ء) وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان کی ہدایات نظر انداز،نادرا اہلکار وں کاغیر ملکیوں کو قومی شناختی کارڈ بنا کر دینے کا سلسلہ جاری، کئی دہشتگردوں سے بھی جعلی شناختی کارڈ برآمد ہونے کا انکشاف ہوا ہے مگر ملوث اہلکار اب بھی عہدوں پر براجمان ہیں۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق نادرا اہلکار یا دہشتگردوں کے آلہ کار رشوت لیکر دہشتگردوں کو شناختی کارڈ جاری کرنے کا انکشاف ہوا ہے، حساس ادارے کی تیار کردہ فہرست بے سود، سنگین جرم میں ملوث متعدد اہلکار اب بھی عہدوں پر تعینات۔

حساس ادارے کی رپورٹ کے مطابق نادرا اہلکاروں نے 10 سے 20 ہزار روپے تک رشوت لیکر افغان ، ازبک ، بنگالی، چینی اور امریکی باشندوں کو جعلی شناختی کارڈ بنا کر دیئے۔ مارے گئے کئی دہشت گروں سے بر آمد ہونے والے زیادہ تر جعلی شناختی کارڈ کراچی سے جاری ہوئے۔ غیر ملکیوں نے جعلی شناختی کارڈ کی بنیاد پر پاکستانی پاسپورٹ بھی حاصل کیے ، فہرست کے مطابق غیر ملکیوں کے شناختی کارڈ جاری کرنے والوں میں نادرا کے ڈپٹی جنرل منیجر آپریشنزز اور منیجرز آپریشزز سمیت مختلف عہدوں پر تعینات کئی افسران اور اہلکار شامل ہیں۔(رڈ)