صوبے میں تبدیلی کے ایک نکاتی ایجنڈے کی تکمیل اور اداروں کو بااختیار بنا نے کیلئے کوشاں ہے،پرویزخٹک

ہماری حکومت نے اختیارات اور اداروں کو حقیقی معنوں میں نچلی سطح تک منتقل کیا ہے جس کے مثبت اثرات برآمد ہونا شروع ہو چکے ہیں تمام اضلاع میں فنڈز کی مساوی تقسیم کو یقینی بنایا ہے ،صوبے کے طبی اور تعلیمی سرکاری اداروں کو نجی اداروں کی سطح پر لانے کیلئے کو ششیں کررہی ہیں،وزیراعلی خیبرپختونخوا

جمعہ 26 فروری 2016 19:24

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔26 فروری۔2016ء) وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا پرویز خٹک نے ملک و قوم کی ترقی کیلئے نظام کی تبدیلی اور اداروں کی مضبوطی کو ناگزیر قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت صوبے میں تبدیلی کے ایک نکاتی ایجنڈے کی تکمیل اور اداروں کو بااختیار بنا نے کیلئے کوشاں ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے وزیراعلیٰ ہاؤس پشاور میں چاروں صوبوں کے اراکین صوبائی اسمبلی کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

واضح رہے کہ پنجاب، سندھ اور بلوچستان سے پاکستان پیپلز پارٹی، پاکستان مسلم لیگ (ن)، پاکستان تحریک انصاف، نیشنل پارٹی، پختونخوا ملی عوامی پارٹی، پاکستان مسلم لیگ(فنکشنل) کے اراکین صوبائی اسمبلی، خیبرپختونخوا اسمبلی اور ڈیماکریسی رپورٹنگ انٹرنیشنل کے اشتراک سے دو روزہ ملٹی پارٹی سمینار میں شرکت کیلئے دورے پر آئے ہوئے تھے۔

(جاری ہے)

ڈیما کریسی انٹرنیشنل کے نمائندے بھی وفد کے ہمراہ تھے۔

وفد نے وزیراعلیٰ پرویز خٹک سے تفصیلی ملاقات کی۔ وفد کیلئے عشائیہ کا بھی اہتمام کیا گیا تھا۔ وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا سے ملاقات کے دوران اپنے تاثرات کا اظہار کرتے ہوئے وفد کے اراکین نے خیر سگالی کے دورے کو انتہائی کامیاب قرار دیتے ہوئے خیبر پختونخوا حکومت کی طرف سے شاندار استقبال اور مہمان نوازی پر وزیراعلیٰ کا شکریہ ادا کیا۔

وفدکے اراکین نے کہا کہ اس دورے سے خیبر پختونخوا حکومت اور عوام سے متعلق بہت کچھ دیکھنے ،سننے اور حقیقت منکشف ہو نے کا موقع ملا۔ انہوں نے کہا کہ اس خطے سے متعلق ان کے ذہنوں میں جو خوف و ہراس کا تاثر تھا وہ دور ہو گیا اور انہوں نے صوبے کو بالکل الگ پایا۔ وفد نے اس موقع پر حکومت کے اصلاحاتی اقدامات کو سراہتے ہوئے صحت، تعلیم، پولیس اور پٹوارخانوں کیلئے حکومت کے اصلاحاتی اقدامات کو دیگر صوبوں کیلئے رول ماڈل قرار دیا۔

وفد نے صوبائی حکومت کا وفاق سے صوبے کے حقوق کے تحفظ کیلئے معاہدہ کو صوبائی حکومت کا کارنامہ قرار دیا۔ مزید برآں وفد کے اراکین نے صوبوں کے درمیان دوریوں کو قربتوں میں بدلنے کیلئے خیر سگالی کے دوروں کو حکومتی سطح پر سپانسر کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا پرویز خٹک نے اس موقع پر صوبائی حکومت کی کارکردگی پر روشنی ڈالی اور تبدیلی کیلئے اٹھائے گئے چیدہ چیدہ اقدامات سے وفد کو آگاہ کیا۔

انہوں نے مذکورہ دورے کو نہایت اہم قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس سے صوبائی حکومتوں اور سیاسی جماعتوں کے درمیان غلط فہمیاں دور کرنے میں خاطر خواہ مدد ملی ہے۔ انہوں نے حکومت کے اصلاحاتی اقدامات کا ذکر کرتے ہوئے واضح کیا کہ صوبائی حکومت کی پوری توجہ نظام کی تبدیلی اور اداروں کی مضبوطی پر ہے کیونکہ اداروں کی مضبوطی اور نظام کی شفافیت قوم کے کامیاب مستقبل کی ضامن ہے۔

انہوں نے وفد کے اراکین پر واضح کیا کہ جب تحریک انصاف برسراقتدار آئی تو صوبے میں نظام تباہی کا شکار تھا اور کسی بھی محکمے کا ریکارڈ موجود نہیں تھا۔ انہوں نے کہا کہ اسی وجہ سے حکومت کے پہلے دو سال تو صوبائی محکموں کا قبلہ درست کرنے میں صرف ہو گئے۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت نے نظام کی شفافیت، کرپشن کے خاتمے اور عوام کو ان کے حقوق کی فراہمی کے سلسلے میں ریکارڈ قانون سازی کی جس کی صوبے کی تاریخ میں مثال نہیں ملتی۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ یہ واحد حکومت ہے جس نے اختیارات اور اداروں کو حقیقی معنوں میں نچلی سطح تک منتقل کیا ہے جس کے مثبت اثرات برآمد ہونا شروع ہو چکے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے تمام اضلاع میں فنڈز کی مساوی تقسیم کو یقینی بنایا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ حکومت صوبے کے طبی اور تعلیمی سرکاری اداروں کو نجی اداروں کی سطح پر لانے کیلئے کو ششیں کررہی ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ غریب و امیر کے لئے غیر مساوی نظام تعلیم بہت بڑا ظلم ہے جس کے خاتمے کیلئے حکومت نصاب کی یکسانیت اور سرکاری سکولوں میں انگلش میڈیم کو فروغ دے رہی ہے۔ انہوں نے اس موقع پر اس طرح کے دوروں کو حکومت کی طرف سے سپانسر کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔

متعلقہ عنوان :