صدرِمملکت ممنون حسین سے گورنر ہاؤس لاہور میں گورنر پنجاب ملک محمد رفیق رجوانہ کی ملاقات

ملاقات میں ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال اور صوبے میں امن و امان سمیت اہم قومی امور پر تبادلۂ خیال کیا گیا

جمعہ 26 فروری 2016 19:24

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔26 فروری۔2016ء) صدرِمملکت ممنون حسین سے گورنر ہاؤس لاہور میں گورنر پنجاب ملک محمد رفیق رجوانہ نے ملاقات کی۔ ملاقات میں ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال اور صوبے میں امن و امان سمیت اہم قومی امور پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔ ملاقات میں گورنر پنجاب نے صدر مملکت کو صوبے میں جاری مختلف ترقیاتی منصوبوں خصوصاً تعلیم اور صحت کے شعبے میں کئے گئے اقدامات کے بار ے میں تفصیلاً آگاہ بتایا۔

اس سے قبل گورنر پنجاب ملک محمد رفیق رجوانہ نے لاہور ائیرپورٹ پر صدرِمملکت ممنون حسین کا استقبال کیا۔ اس موقع پر صوبائی وزیر مجتبیٰ شجاع الرحمان، انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب مشتاق سکھیرا اور ڈی آئی جی آپریشن ڈاکٹر اشرف حیدر بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

قبل ازیں، ء گورنمنٹ کالج یونیورسٹی کے14ویں سالانہ کانووکیشن کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے گورنر پنجاب ملک محمد رفیق رجوانہ نے کہا ہے کہ معاشی محاذ ہو یا سیاسی میدان زندگی کے ہر شعبے میں کامیابی اب علم کی مرہون منت بن چکی ہے یہی وجہ ہے کہ ملک کے طو ل و ارض میں تعلیم کے مساوی مواقع فراہم کرنے کے لیے عملی طور پر اقدامات کیے جا رہے ہیں -انہوں نے کہا کہ حکومت کی علم دوست پالیسی کی وجہ سے سکولوں کی سطح پر طلباء وطالبات کی تعداد میں اضافے کے ساتھ ساتھ کالجوں اور یونیورسٹیوں کے اعلی تعلیم کے معیار میں بھی اضافہ ہوا ہے جو کہ ملک و قوم کے لیے نہایت خوش آئند ہے ۔

گورنر پنجاب نے کہا کہ آج کے نالج بیسڈ اکانومی کے دور میں انسان کی Earning کا دارومدار اس کی لرننگ پر ہے اور تعلیم انسان کو ایک مہذب ، باوقار اور ذمہ دار انسان بنانے کے ساتھ ساتھ بہتر ذرائع روز گار فراہم کرنے کا ذریعہ بھی ہے - انہوں نے کہا کہ تعلیم کو مارکیٹ کی ضروریات سے ہم آہنگ کرنے کے لیے یونیورسٹیوں میں نصاب کی اپ گریڈیشن کی ضرورت ہے جبکہ بدلتے ہوئے چیلنجز کا مقابلہ کرنے کے لیے جدید مضامین کو بھی متعارف کرانا ہو گا-انہوں نے کہا کہ ہمارے طلباء و طالبات نے ہر شعبے میں کمال مہارت اور ذہانت کا مظاہرہ کیا ہے اور دنیا بھر میں اپنی صلاحیتو ں کا لوہا منوایا ہے - انہوں نے کہا کہ اقبال ؒکے یہ شاہین ہمارا مستقبل ہیں جس کے لیے خود شاعر مشرق نے کہا تھا کہ ’’ذرا نم ہو تو یہ مٹی بہت زرخیز ہے ساقی‘‘ ۔

گورنر پنجاب نے کہا کہ حکومت نوجوانوں کی ذہنی صلاحیتوں کو جلا بخشنے اور ان کی استعداد کار میں اضافے کے لیے تمام وسائل بروئے کا ر لا رہی ہے اور ہونہار طلبا و طالبات کی ہر سطح پر حوصلہ افزائی کی جا رہی ہے -انہوں نے کہا کہ لاہور میں نالج پارک کی تعمیر ، پنجاب ایجوکیشن انڈومنٹ فنڈ اور تعلیم کے شعبے میں کی جانے والی دیگر اصلاحات حکومت کی انہیں کوششوں کا عملی ثبوت ہے-انہوں نے ڈگریاں حاصل کرنے والے طلباء وطالبات پر زور دیا کہ ان کی اس کامیابی میں سب سے بڑا ہاتھ ان کے والدین کا ہے اب ان کایہ فرض ہے کہ وہ اپنے والدین کی آنکھوں کے تمام خوابوں کو عملی تعبیر دیں اور خود کو ملک و قوم کے لیے وقف کر دیں - انہوں نے کہا کہ ہماراد ین بھی واضح الفاظ میں کہتا ہے کہ جاننے والااس شخص سے بہتر ہے جو کچھ نہیں جانتالہذا علم کے حصول کے بعد ان کی ذمہ بھی دوچند ہوگئی ہے کہ وہ معاشرے کے اس طبقے کو ساتھ لے کر چلیں جو زندگی میں بہتر پیچھے رہ گئے ہیں ۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر حسن عامر شاہ نے ادارے کے مختلف پروگراموں کے بارے میں بریف کیا -اس موقع پر گورنر پنجاب نے پی ایچ ڈی ، ایم فل اور ماسٹرز اور بیچلر کے پروگرام مکمل کرنے والے طلباء و طالبات میں میڈلز اور تعریفی اسناد تقسیم کیں -