وزیراعظم نے ملک میں شاہراہوں کا جال بچھانے کیلئے واضح احکامات دئیے ‘ حویلیاں مانسہرہ موٹروے پر کام آئندہ ماہ شروع ہو جائے گا‘ اقتصادی راہداری منصوبے کے مغربی روٹ کے حوالے سے تحفظات بے بنیاد ہیں‘ وزیراعظم کی سربراہی میں خصوصی کمیٹی کے ہر تین ماہ بعد اجلاس ہونگے‘ چیئرمین این ایچ اے سے آئندہ سیشن کے دوران اراکین کو منصوبوں کے بارے میں بریفنگ کا اہتمام کریں گے

وزیر مملکت برائے پارلیمانی امور شیخ آفتاب احمد کا قومی اسمبلی میں توجہ مبذول نوٹس پر جواب

جمعہ 26 فروری 2016 18:16

اسلام آباد ۔ 26فروری(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔26 فروری۔2016ء) وزیر مملکت برائے پارلیمانی امور شیخ آفتاب احمد نے کہا ہے کہ وزیراعظم نے ملک میں شاہراہوں کا جال بچھانے کیلئے واضح احکامات دئیے ہیں ‘ حویلیاں مانسہرہ موٹروے پر کام آئندہ ماہ شروع ہو جائے گا‘ اقتصادی راہداری منصوبے کے مغربی روٹ کے حوالے سے تحفظات بے بنیاد ہیں‘ وزیراعظم کی سربراہی میں خصوصی کمیٹی تشکیل دی گئی ہے جس کے ہر تین ماہ بعد اجلاس ہونگے‘ چیئرمین این ایچ اے سے آئندہ سیشن کے دوران اراکین کو منصوبوں کے بارے میں بریفنگ کا اہتمام کریں گے۔

جمعہ کو قومی اسمبلی میں وقفہ سوالات کے دوران خالدہ منصور کے سوال کے جواب میں شیخ آفتاب احمد نے بتایا کہ برہان حویلیاں موٹروے پر حویلیاں تک 36 فیصد کام برہان جاری کس پر ہو چکا ہے۔

(جاری ہے)

جاری کس سے سرائے صالح تک تیس فیصد اور سرائے صالح سے حویلیاں تک تین فیصد کام مکمل ہوا ہے۔ حویلیاں مانسہرہ منصوبہ حویلیاں‘ مانسہرہ‘ تھاکوٹ منصوبہ کا حصہ ہے اور ٹھیکے کا مرحلہ مکمل ہو چکا ہے۔

انہوں نے کہاکہ چین کے ایگزم بنک کے ساتھ معاہدے پر دستخط کے بعد ٹھیکہ دے دیا جائے گا، اس پر کام آئندہ ماہ شروع ہونے کی توقع ہے۔، اس منصوبے کے تحت سڑک کو چھ رویہ کردیا گیا ہے۔ افضل ڈھانڈلہ کے سوال کے جواب میں انہوں نے بتایا کہ اقتصادی راہداری منصوبے کے مغربی روٹ کے لئے بیس ارب روپے مختص کئے گئے ہیں اور اس سے ڈیرہ اسماعیل خان سمیت دیگرعلاقے مستفید ہوں گے۔

شیخ آفتاب احمد نے بتایا کہ دس سال بعد موٹروے کی ری کارپٹنگ ضروری ہے، اس ضمن میں موجودہ حکومت نے ایف ڈبلیو او کے ساتھ معاہدہ کرلیا ہے ، یہ 2016ء میں مکمل ہو جائے گی۔ انہوں نے بتایا کہ اقتصادی راہداری پر چاروں صوبوں میں اقتصادی زونز بنیں گے، اس مقصد کے لئے وزیراعظم کی سربراہی میں کمیٹی تشکیل دی گئی ہے جس میں چاروں وزراء اعلیٰ شامل ہیں،کمیٹی کا اجلاس ہر تین ماہ بعد ہوگا۔

انہوں نے کہاکہ وزیراعظم کا وژن پورے پاکستان کے لئے ہے،وزیراعظم نے پسماندہ علاقوں کو بہتر بنانے کیلئے واضح احکامات دئیے ہیں۔ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ میرپور سے مظفر آباد چار رویہ ایکسپریس وے پر کام جلد شروع کریں گے۔ انہوں نے بتایا کہ چیئرمین این ایچ اے کو آئندہ سیشن میں اراکین کو بریفنگ دینے کی ہدایت کی جائیگی۔