کراچی آپریشن بغیر کسی دباوٴ کے آخری دہشت گرد کے خاتمے تک جاری رہیگا،وزیراعظم

رینجرز ، پولیس اور قانون نافذ کرنیوالے اداریکراچی میں جرائم پیشہ عناصر اور ان کے سرپرستوں کی گرفتاری کے لیے جاری کارروائیاں مزید تیز کریں،ملزمان سے تفتیش موثر انداز میں مکمل کی جائے،کراچی ایئرپورٹ پر امن وامان سے متعلق اجلاس سے خطاب اجلاس میں وزیر اعلیٰ ، چیف سیکرٹری ، ڈی جی رینجرز اور آئی جی نے وزیر اعظم کو کراچی آپریشن اور دیگر امور پر تفصیلی بریفنگ دی،نوازشریف کا کراچی آپریشن میں پولیس اور رینجرز کی کارروائیوں پر اطمینان کا اظہار، شاباش دی،ذرائع

جمعہ 26 فروری 2016 17:55

کراچی ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔26 فروری۔2016ء) وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف نے کراچی میں جاری آپریشن پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ کراچی آپریشن بغیر کسی دباوٴ کے آخری دہشت گرد کے خاتمے اور مکمل قیام امن تک جاری رکھا جائے گا ۔ رینجرز ، پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے ادارے مشترکہ طور پر کراچی میں جرائم پیشہ عناصر اور ان کے سرپرستوں کی گرفتاری کے لیے جاری کارروائیوں کو مزید تیز کریں ۔

تمام گرفتار ملزمان سے تفتیش کو موثر انداز میں مکمل کیا جائے ۔ حکومت سندھ پراسیکیوشن کے نظام میں اصلاحات کو مزید تیز کرے ۔ تمام قانون نافذ کرنے والے ادارے اور انٹیلی جنس ایجنسیوں میں کوآرڈی نیشن کا نظام مزید مربوط کیا جائے ۔

(جاری ہے)

کراچی آپریشن کے حوالے سے وفاقی حکومت صوبائی حکومت اور سکیورٹی اداروں کے ساتھ ہر ممکن تعاون کرے گی ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کو کراچی ایئرپورٹ پر امن وامان سے متعلق اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا ۔

اجلاس میں گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان ، وزیر اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ ، وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات پرویز رشید ، صوبائی وزیر داخلہ سہیل انور سیال ، چیف سیکرٹری سندھ صدیق میمن ، ڈی جی رینجرز میجر جنرل بلال اکبر ، آئی جی سندھ غلام حیدر جمالی اور دیگر موجود تھے ۔ وفاقی حکومت کے ذرائع کے مطابق اجلاس میں صوبے کے مجموعی امن وامان کی صورت حال کا جائزہ لیا گیا ۔

وزیر اعلیٰ سندھ نے وزیر اعظم کو کراچی میں جاری آپریشن اور دیگر امور پر تفصیلی بریفنگ دی ۔ وزیر اعلیٰ سندھ نے آگاہ کیا کہ سندھ حکومت کراچی میں قیام امن کے لیے مربوط انداز میں اقدامات کر رہی ہے ۔ رینجرز ، پولیس اور دیگر ادارے مل کر دہشت گردوں کے نیٹ ورک کے خاتمے کے لیے مربوط اقدامات کر رہے ہیں ۔ وزیراعلیٰ سندھ نے کراچی میں ٹرانسپورٹ کے مسئلے کے حل کے لیے گرین لائن بس منصوبہ شروع کرنے پر وزیر اعظم کا شکریہ ادا کیا ۔

اس موقع پر وزیر اعظم نے کہا کہ وفاقی حکومت سندھ حکومت کے ساتھ مل کر کراچی شہر کی ترقی کے لیے ہر ممکن اقدامات کرے گی ۔ وزیر اعظم نے کراچی کے مسائل کے حل کے لیے اپنے ہر ممکن تعاون کایقین دلایا ۔ ذرائع کے مطابق اجلاس میں چیف سیکرٹری ، ڈی جی رینجرز اور آئی جی سندھ نے بھی امن و امان کے حوالے سے وزیر اعظم کو مختصر بریفنگ دی ۔ وزیر اعظم نے واضح کیا کہ کراچی میں دہشت گردوں ، ان کے سہولت کاروں اور مالی معاونین سمیت جرائم پیشہ عناصرکے تمام گروپس اور ان کے سرپرستوں کا خاتمہ کرنے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے ۔

قانون نافذ کرنے والے کراچی آپریشن کو مزید تیز کریں ۔ وزیر اعظم نے قانون نافذ کرنے والے اداروں کو ہدایت کی کہ گرفتار ملزمان سے تفتیش کی روشنی میں ان کی سرپرستی کرنے والے عناصر کی گرفتاری کے لیے بھی ایکشن کو مزید تیز کیا جائے اور کراچی سے اسٹریٹ کرائم سمیت دیگر جرائم کے خاتمے کے لیے بھی مربوط اقدامات کیے جائیں ۔وزیر اعظم نے کراچی آپریشن میں پولیس اور رینجرز کی کارروائیوں پر اطمینان کا اظہار کیا اور انہیں شاباش دی۔

وزیر اعظم نے کہا کہ کراچی آپریشن کے باعث شہر میں امن قائم ہوا ہے ۔ کراچی میں امن دیکھ کر خوشی محسوس ہو رہی ہے ۔ کراچی میں امن قائم ہونے سے کاروباری سرگرمیوں میں اضافہ ہوا ہے اور اب عوام اور تاجر اپنے آپ کو محفوظ تصور کرتے ہیں ۔ کراچی کی روشنیوں کو مکمل بحال کریں گے اور شہر قائد میں مکمل قیام امن تک کراچی آپریشن کو جاری رکھا جائے گا ۔

اجلاس میں وزیر اعلیٰ سندھ نے وزیر اعظم کو قومی ایکشن پلان کے حوالے سے بھی آگاہ کیا ۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم نے ہدایت کی کہ حکومت سندھ دہشت گردی کے خلاف بنائے گئے قومی ایکشن پلان پر عمل درآمد کو مزید موثر بنائے ۔وزیر اعظم نے کہا کہ قومی ایکشن پلان پر عمل درآمد کرکے ہی کراچی سمیت ملک بھر سے دہشت گردی کا خاتمہ کیا جاسکتا ہے ۔ قبل ازیں وزیر اعظم اسلام آباد سے کراچی ایئرپورٹ پہنچے ۔ وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات پرویز رشید بھی ان کے ہمراہ تھے ۔ ایئرپورٹ گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان اور وزیر اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے وزیر اعظم کا استقبال کیا ۔