سول اور ملٹری بیوروکریسی کیلئے ایک ہی قانون ، کوئی مقدس گائے نہیں‘چئیرمین سینیٹ

جمعہ 26 فروری 2016 16:34

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔26 فروری۔2016ء )چئیرمین سینیٹ میاں رضاربانی نے کہا ہے کہ سول اور ملٹری بیوروکریسی کے لئے ایک ہی قانون ہوناچاہئے، کوئی مقدس گائے نہیں، اکبربگٹی کیس میں آفتاب شیرپاوعدالت پیش ہوتے رہے لیکن پرویزمشرف کواستثنیٰ حاصل تھا۔پولیس کالج سہالہ میں ٹریننگ مکمل کرنے والے نیب کے ایک سوچارتفتیشی افسروں کی پاسنگ آوٴٹ سے بطورمہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے چئیرمین سینٹ میاں رضا ربانی نے کہا کہ پاکستان کے مسائل کاحل احتساب میں ہے۔

اگر کرپشن کوختم کرناہے توقانون سب کے لئے لازم ہوناچاہئے۔انہوں نے کہا کہ اگر حکمران طبقے کے خلاف سنگین غداری یاکوئی اورکیس ہوتووہ عدالتوں میں پیش ہی نہیں ہوتا۔انہوں نے کہاکہ ہماری سوسائٹی میں معاشرتی انصاف نہیں اورنہ ہی قانون وانصاف سب کے لئے برابرہے، نیب افسران کوایسی سوسائٹی کاسامناہوگاجہاں قانون کی حکمرانی نہیں۔

(جاری ہے)

میاں رضاربانی نے کہاکہ کرپشن سب سے بڑی لعنت ہے جسے ختم کرناہے اوریہ درست پاکستان میں کرپشن ہے۔

انہوں نے کہاکہ ہمارے معاشرے میں حکمران طبقے اورعام آدمی کے لئے الگ قوانین ہیں۔ کرپشن کی وجہ سے عام آدمی کانظام پراعتماد نہیں رہتا۔ اس موقع پر چئیر مین نیب قمر زمان چوہدری کا کہنا تھا کہ کرپشن کی بنیادی وجہ اقربا پروری اور حکمران طبقے کا شاہانہ طرز زندگی ہے۔ کرپشن کے باعث عام آدمی نظام پر اعتماد نہیں کرتا ۔انہوں نے کہاکہ تفتیشی افسران قوم کامستقبل ہیں۔قوم کوبھی نیب افسران سے بہت توقعات وابستہ ہیں جنہیں غیرجانبداری اوربہترین پیشہ وارانہ مہارت سے فرائض سر انجام دیاجائے ۔