نجی شعبہ کے اشتراک سے 2016ء میں 5لاکھ بچوں کی سکول داخلہ مہم جاری ہے،عبدالصبورکاکڑ

محکمہ تعلیم بلوچستان کی جانب سے عوام کاسرکاری تعلیمی اداروں پراعتمادبحال کرنے کے لئے کئی پروگرام زیرتکمیل ہیں،صوبائی سیکریٹری تعلیم کا یوبی ایل کی تقریب سے خطاب

جمعرات 25 فروری 2016 22:58

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔25 فروری۔2016ء ) صوبائی سیکرٹری تعلیم عبدالصبور کاکڑ نے کہا ہے کہ محکمہ تعلیم نجی شعبہ کے اشتراک سے سال 2016میں 5لاکھ بچوں کی سکول داخلہ مہم کے حدف کو حاصل کرنے کیلئے بھرپور کوششیں کررہا ہے والدین اور بچوں کو تعلیم کی طرف راغب کرنے اور عوام کا سرکاری تعلیم ا داروں پر اعتماد بحال کرنے کیلئے مختلف پروگرام زیر تکمیل ہیں جن کے حوصلہ افزاء نتائج برآمد ہوں گے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے یو بی ایل کی طرف سے منعقدہ تقریب کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب میں یو بی ایل کے ریجنل بزنس ہیڈ کوئٹہ ریجن عبدالرحمن محکمہ تعلیم اور مذکورہ بنک کے دیگر اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔ سیکرٹری تعلیم نے کہا کہ محکمہ تعلیم اس سال سکول داخلہ مہم کو منظم انداز میں چلا رہا ہے اس سلسلے میں نجی شعبے کا تعاون بھی حاصل کیا جارہا ہے جس میں موبائل کمپنی سے ترغیبی پیغامات چلانے کے علاوہ بنک انجمن تاجران، اور کوئٹہ چیمبر آف کامرس اور دیگر تنظیمیں بھی اس مہم کی کامیابی کیلئے اپناتعاون فراہم کررہے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ سکول میں نئے داخل ہونے والے بچوں اور بچیوں کی حوصلہ افزائی کیلئے پرائمری سطح کی چھوٹی کلاسوں میں کھلونے ، سکول بیگ اور دیگر تعلیمی مواد مفت فراہم کیا جائے گا تاکہ پڑھائی میں بچوں کی دلچسپی بڑھائی جاسکے۔ تقریب سے یو بی ایل کے ریجنل بزنس ہیڈ عبدالرحمن نے خطاب کرتے ہوئے اعلان کیا کہ یو بی ایل کی جانب سے تین ہزار سکول بیگ ضرورت مند بچوں میں مفت تقسیم کئے جائیں گے ۔ والدین اور عوام میں آگاہی فراہم کرنے کیلئے شہر کے مختلف مقامات پر بینرز بھی چسپاں کئے جارہے ہیں اور بنک میں آنے والے کسٹمرز کو بنک کی جانب سے تعلیمی اہمیت پر مبنی بروشر بھی مفت فراہم کئے جارہے ہیں تاکہ عوام میں تعلیم کی اہمیت سے متعلق آگاہی کو اجاگر کیا جاسکے۔

متعلقہ عنوان :