نیب پر تنقید:لاہور ہائی کورٹ نے وفاقی حکومت اور نیب کو نوٹس جاری کردیئے

Zeeshan Haider ذیشان حیدر جمعرات 25 فروری 2016 22:50

نیب پر تنقید:لاہور ہائی کورٹ نے وفاقی حکومت اور نیب کو نوٹس جاری کردیئے

لاہور(اُردو پوائنٹ تازہ ترین ۔۔ آئی پی اے ۔۔ 25 فروری۔2015ء) لاہور ہائی کورٹ نے وزیراعظم پاکستان محمد نواز شریف کی جانب سے قومی احتساب بیورو (نیب) پر تنقید کے خلاف درخواست پر وفاقی حکومت اور نیب کو نوٹس جاری کردیے ہیں۔یہ نوٹس لاہور ہائی کورٹ کے جسٹس شاہد وحید نے پاکستان تحریک انصاف کے لائیرز ونگ کے گوہر نواز سندھو کی درخواست پر جاری کیے۔

گذشتہ ہفتے دائر کی گئی اس درخواست میں کہا گیا تھا کہ ایک عوامی اجتماع میں وزیراعظم کی قومی ادارے پر تنقید دراصل ایک وارننگ تھی جو وزیراعظم نے احتساب بیورو پر اپنا اثرورسوخ استعمال کرنے کے لیے جاری کی۔درخواست میں یہ موقف بھی اختیار کیا گیا ہے کہ وزیراعظم نے نیب پر تنقید کر کے ادارے کی طرف سے کی جانے والی میگا کرپشن کے کئی مقدمات کی تحقیقات پر اثرانداز ہونے کی کوشش کی ہے جو کہ کچھ خاص مقدمات کی تحقیقات سے نیب کو روکنے کے مترادف ہے۔

(جاری ہے)

گوہر نواز سندھو نے اپنی درخواست میں یہ بھی کہا ہے کہ عدالت وزیراعظم کو یہ حکم دے کہ وہ نیب کے معاملات میں مداخلت بند کریں۔ نیب ایک خودمختار ادارہ ہے جسے کرپشن میں ملوث کسی بھی ادارے یا شخص سے تحقیقات کا حق حاصل ہے۔لاہور ہائی کورٹ نے وفاقی حکومت اور نیب حکام کو نوٹس جاری کرتے ہوئے حکم دیا کہ وہ تین ہفتے کے اندر ان نوٹسز پر اپنے جواب داخل کریں۔تاہم درخواست کے لیے آئندہ سماعت کے لیے تاریخ کا اعلان ابھی نہیں کیا گیا۔

متعلقہ عنوان :