پاکستان ایشیا کپ کی بجائے ورلڈ ٹی ٹونٹی میں بھارت کے خلاف میچ پر توجہ مرکوز کرے،عبدالقادر

جمعرات 25 فروری 2016 22:44

پاکستان ایشیا کپ کی بجائے ورلڈ ٹی ٹونٹی میں بھارت کے خلاف میچ پر توجہ ..

اسلام آباد ۔ 25 فروری (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔25 فروری۔2016ء) سابق ٹیسٹ کرکٹر عبدالقادر نے قومی کرکٹ ٹیم پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ ایشیا کپ میں بھارت کے خلاف میچ کو پریکٹس میچ کے طور پر لیں اور تمام تر توجہ ورلڈ ٹی ٹونٹی کپ میں روایتی حریف کے خلاف میچ پر مرکوز کریں تاکہ گرین شرٹس عالمی مقابلوں میں حریف ٹیم کے ہاتھوں ناکامیوں کی روایت توڑ سکے۔

عالمی مقابلوں کی تاریخ میں پاکستانی ٹیم اب تک بھارت کو زیر کرنے میں کامیاب نہیں ہو سکی۔ دونوں ٹیمیں ورلڈ کپ میں 19 مارچ کو مدمقابل ہوں گی۔ پاکستان کو بھارتی سرزمین پر میزبان ٹیم کے خلاف نفسیاتی برتری حاصل ہے اور اس نے اب تک 19 میچز جیت رکھے ہیں جبکہ بھارت نے 11 فتوحات سمیٹیں تاہم عالمی مقابلوں میں بھارت کا پلڑا بھاری ہے۔

(جاری ہے)

جمعرات کو اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔

25 فروری۔2016ء سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ایشیا کپ میں پاک بھارت میچ میں بھارتی ٹیم فیورٹ دکھائی دے رہی ہے تاہم ہماری ٹیم بھی اسے زیر کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے اور ہدف کے حصول کیلئے کھلاڑیوں کو سرتوڑ کوشش کرنا ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ قومی ٹیم کو چاہیے کہ وہ اس میچ کو پریکٹس میچ کے طور پر لے اور اس میچ میں بھارتی ٹیم کی خامیاں نوٹ کر کے ورلڈ ٹی ٹونٹی کپ میں اس کے خلاف میچ کیلئے بھرپور تیاری کرے تاکہ اس بار ہماری ٹیم ماضی کی روایت کو توڑ سکے۔ شاہد آفریدی کے یو ٹرن کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ اگر وہ ٹی ٹونٹی کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا فیصلہ واپس لیتے ہیں تو پاکستان کرکٹ بورڈ کو چاہیے کہ وہ انہیں ایسا کرنے کی اجازت نہ دے۔