ہائیکورٹ نے عوامی تحریک کے کارکنوں پر سانحہ ماڈل ٹاؤن کے 2الگ الگ ٹرائل کرنے کیخلاف درخواست مسترد کردی

جمعرات 25 فروری 2016 22:27

ہائیکورٹ نے عوامی تحریک کے کارکنوں پر سانحہ ماڈل ٹاؤن کے 2الگ الگ ٹرائل ..

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔25 فروری۔2016ء) لاہور ہائیکورٹ نے عوامی تحریک کے کارکنوں پر سانحہ ماڈل ٹاؤن کے واقعہ کے دو الگ الگ ٹرائل کرنے کیخلاف درخواست مسترد کردی اور قرار دیا کہ الگ الگ مقدمے کاایک ٹرائل نہیں ہوسکتا۔گزشتہ روز لاہو رہائیکورٹ کے جسٹس صداقت علی خان کی سربراہی میں دو رکنی بنچ نے عوامی تحریک کے کارکنوں کی درخواست پر سماعت کی۔

(جاری ہے)

درخواست گزار کارکنوں کے وکیل نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ انسداد دہشت گردی کی عدالت نے سانحہ ماڈل ٹاو ن کے مقدمے میں قانونی تقاضے پورے کئے بغیر ہی فرد جرم عائد کردی ہے،ملزمان کو مقدمے کی نقل فراہم نہیں کی گئی جو فرد جرم عائد کرنے سے پہلے فراہم کرنا قانونی طور پر لازمی ہے۔انہوں نے کہا کہ سانحہ ماڈل ٹاون میں ایک ہی وقوعہ کے بدنیتی پر مبنی دو مقدمے درج کئے گئے۔قانون کے تحت ایک ہی واقعہ کے دو چالان پیش نہیں کئے جاسکتے ہیں اور نہ ہی الگ الگ ٹرائل کیا جا سکتا ہے۔سرکاری وکیل نے کہا کہ ٹرائل عدالت نے ملزمان پر فرد جرم عائد کر کے گواہوں کو شہادتوں کے لئے طلب کر لیا ہے لہٰذادرخواست قابل سماعت نہیں۔جس پر عدالت نے فریقین کے وکلاکے دلائل سننے کے بعددرخواست مسترد کر دی۔