وزیر محنت راجہ اشفاق سرور سے آل پاکستان بھٹہ مالکان ایسوسی ایشن کے صدر شعیب خان نیازی کی قیادت میں وفد کی ملا قات

بھٹہ مالکان کی بے حد عزت و احترام کرتے ہیں ، مسائل افہام و تفہیم سے طے کر لیں گے‘ راجہ اشفاق سرور کی ملاقات میں وفد سے گفتگو

جمعرات 25 فروری 2016 21:34

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔25 فروری۔2016ء) صوبائی وزیر محنت وانسانی وسائل راجہ اشفاق سرور سے ان کے دفتر میں آل پاکستان بھٹہ مالکان ایسوسی ایشن کے مرکزی صدر شعیب خان نیازی اور جنرل سیکرٹری مہر عبدالحق کی قیادت میں وفدنے ملاقات کی -وفد نے اینٹوں کے بھٹوں پر چائلڈ لیبر آرڈیننس پر عملدرآمد کے حوالے سے تحفظات اور مسائل سے وزیر محنت راجہ اشفاق سرور کو آگاہ کیا-وزیرمحنت راجہ اشفاق سرورنے کہاکہ ملکی معیشت کی ترقی اور کنسٹرکشن منصوبوں میں بھٹہ خشت انڈسٹری کی اہمیت کے پیش نظر وہ بھٹہ مالکان کے کردار کو انتہائی عزت و احترام کی نگاہ سے دیکھتے ہیں -چائلڈ لیبر پورے معاشرے کے لئے ایک نا سور ہے اور بھٹہ مالکان چائلڈ لیبر کے خاتمے کے لئے حکومت پنجاب کے لئے ہر اول دستے کی حیثیت رکھتے ہیں -انہوں نے کہاکہ بھٹہ مالکان نے چائلڈ لیبر کے خاتمے کے لئے ہمیشہ بھر پور تعاون پیش کیاہے تاہم چائلڈ لیبر اور دیگر متعلقہ معاملات کے مستقل حل کے لئے حکومت پنجاب کے موثر اور قابل عمل میکنزم بھٹہ مالکان کی بھرپور مشاورت سے تشکیل دی گئی جو تمام سٹیک ہولڈرز کے لئے قابل قبول ہوں گی -انہوں نے کہاکہ بھٹہ مالکان کی طرف سے احتجاج اور ہڑتالوں کی وجہ سے نہ صرف ملک کا مثبت تشخص اور معاشی سرگرمیاں متاثر ہوں گی بلکہ بھٹہ مزدور وں کا روز گار بھی متاثر ہوگا اورملک دشمن عناصر کو امن وامان خراب کرنے کا بھی موقع ملے گا -صدر ایسوسی ایشن شعیب خان نیازی نے کہاکہ بھٹہ مالکان سیاسی قیادت اور حکومت پنجاب کے ساتھ مل بیٹھ کر مسائل حل کرنا چاہتی ہے اور بھٹہ مالکان چائلڈ لیبر کے خاتمے کے حوالے سے حکومت کے سا تھ متفق ہیں -انہوں نے امید ظاہر کی کہ وزیر محنت راجہ اشفاق سرور ان کے جائز مطالبات جلد ازجلد وزیراعلی پنجاب اور دیگر مقتدر حلقوں تک پہنچا کر ان مسئلے پر جاری بحران کے مستقل خاتمے کیلئے ا قدامات کر ے گی ۔

متعلقہ عنوان :