آرمی چیف بہاولپور اور ملتان فارمیشنز کی مشقوں کا جائزہ لینے پہنچ گئے

زمانہ امن میں فوج کی سخت تربیت اور تیاریوں کا اعلیٰ ترین معیار امن کے واحد ضامن ہیں ، جنرل راحیل شریف کسی بھی نوعیت کے خطرے سے موثر انداز میں نمٹنے کیلئے فوج کی آپریشنل استعداد کو مزید بہتر بنانے کیلئے تمام دستیاب طریقے لازمی طور پر بروئے کار لائے جانے چاہئیں،پاک فوج کے سربراہ کا خطاب

جمعرات 25 فروری 2016 21:32

راولپنڈی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔25 فروری۔2016ء) چیف آف آرمی سٹاف جنرل راحیل شریف نے کہا ہے کہ زمانہ امن میں فوج کی سخت تربیت اور تیاریوں کا اعلیٰ ترین معیار امن کے واحد ضامن ہیں ، کسی بھی نوعیت کے خطرے سے موثر انداز میں نمٹنے کیلئے فوج کی آپریشنل استعداد کو مزید بہتر بنانے کیلئے تمام دستیاب طریقے لازمی طور پر بروئے کار لائے جانے چاہئیں۔

آئی ایس پی آر کے مطابق چیف آرمی سٹاف جنرل راحیل شریف چولستان کے صحرا میں بہاولپور اور ملتان فارمیشنز کی مشقوں کا جائزہ لینے کیلئے جمعرات کو دو روزہ دورے پر بہاولپورپہنچ گئے ۔ آرمی چیف نے فورٹ عباس اور دین گڑھ کے قریب مشقوں کے علاقہ کا دورہ کیا اور بہاولپور کور کی تربیتی مشقوں کا جائزہ لیا جہاں جنگ سے قبل کے ماحول میں فیلڈ فارمیشنز کی آپریشنل استعداد کی جانچ کی جا رہی ہے ۔

(جاری ہے)

مشقوں میں انفنٹری میکنائزڈ فورسز کمبیٹ ایوی ایشن اور پاکستان ایئر فورس اجتماعی طور پر شریک ہیں ۔ مشقوں کے علاقہ میں پہنچنے پر چیف آف آرمی سٹاف کو فیلڈ کمانڈر کی جانب سے جاری مشقوں کے مقاصد اور اہداف کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ فارمیشنز اور یونٹس سخت ترین حالات کے دوران تقریباً ایک ماہ سے مشقیں جاری رکھے ہوئے ہیں جبکہ اب مشقوں کا حتمی مرحلہ جاری ہے ۔

اس موقع پر مشقوں میں شریک فوجیوں کے تربیتی معیار کو سراہتے ہوئے چیف آف آرمی سٹاف جنرل راحیل شریف نے فوج کی آپریشنل تیاریوں اور تربیتی معیارات پر مکمل اطمینان کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ کسی بھی نوعیت کے خطرے سے موثر انداز میں نمٹنے کیلئے فوج کی آپریشنل استعداد کو مزید بہتر بنانے کیلئے تمام دستیاب طریقے لازمی طور پر بروئے کار لائے جانے چاہئیں۔ انہوں نے کہا کہ سخت تربیت اور زمانہ امن میں تیاریوں کا اعلیٰ ترین معیار امن کے واحد ضامن ہے قبل ازیں آرمی چیف نے بہاولپور گریژن میں نئے تعمیر شدہ چرچ اور فوجیوں کی میس کا افتتاح کیا بہاولپور پہنچنے پر کور کمانڈر لیفٹیننٹ جنرل جاوید اقبال نے پاک فوج کے سربراہ کا استقبال کیا ۔