پیپلز پارٹی پانچوں صوبوں میں یکساں مقبول اور وفاق کی علامت ہے ‘ختم کرنیو الے خود ختم ہو جائیں گے ‘ استحکام جمہوریت کا سہرا پیپلز پارٹی کے سر ہے ،اس نے اپنے شہید قائدین کے نقش قدم پر چل کر جمہوریت کی خاطر قربانیاں دیں

پیپلز پارٹی جنوبی پنجاب کے صدر سابق گورنر پنجاب مخدوم احمد محمود کا بیان

جمعرات 25 فروری 2016 21:06

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔25 فروری۔2016ء) پاکستان پیپلز پارٹی جنوبی پنجاب کے صدر و سابق گورنر پنجاب مخدوم سید احمد محمود نے کہاہے کہ استحکام جمہوریت کا سہرا پیپلز پارٹی کے سر ہے جس نے ہمیشہ ذوالفقار علی بھٹو شہید اور محترمہ بینظیر بھٹو شہید کے نقش قدم پر چل کر جمہوریت کی خاطر بڑی سے بڑی قربانیاں دیں یہی وجہ ہے کہ پیپلز پارٹی پانچوں صوبوں میں یکساں مقبول اور وفاق کی علامت ہے اسے ختم کرنیو الے خود ختم ہو جائیں گے۔

یہ بات انہوں نے پارٹی کی فیڈرل کونسل کے رکن عبدالقادر شاہین کے ہمراہ میڈیا آفس سے جاری اپنے مشترکہ بیان میں کہی کہ پیپلز پارٹی کے دور حکومت میں بھی دھرنے دیئے جاتے رہے مگر تمام معاملات کو افہام و تفہیم کے ذریعے حل کیا جاتا رہا لیکن افسوس کہ احتساب صرف پیپلز پارٹی کا ہوتا ہے پنجاب میں کاروائی کا اشارہ ہوا تو وزیر قانون اور وزیر اعلیٰ پنجاب سمیت وزیر اعظم بھی بول پڑے قوم جاننا چاہتی ہے کہ حکمران جماعت پنجاب میں فوجی آپریشن اور نیب کی کاروائیوں سے کیوں خوفزدہ ہیں انکی گھبراہٹ سے اپوزیشن جماعتوں سمیت باقی صوبوں کی عوام میں تشویش اور ابہام جنم لے رہے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ موجود ہ غیر یقینی جیسی صورتحال میں ملک جن مسائل اور مشکلات سے دو چار ہے پیپلز پارٹی خاموش تماشائی نہیں بنے گی بلکہ ایسی صورتحال میں اپنا آئینی جمہوری و قانونی کردار ادا کرنے کے لیے بھرپور جدوجہد کریگی انہوں نے کہا کہ لیگی حکومت کی عوام دشمن پالیسیوں نے غریبوں کو زندہ درگور کر دیا ہے معاشی تنگ دستی اور بدترین مہنگائی کی وجہ سے لوگوں کا آئے روز خودکشیاں کرنا شریف برادران کے منہ پر طمانچہ ہے تمام پالیسیاں عوامی مفادات سے متصادم ہیں اور نواز لیگ کی وفاقی اور صوبائی حکومت پنجاب نے تین سال پورے ہونے پر تاحال قوم کو کوئی خوشخبری نہیں دی انکے مسائل میں مزید اضافہ ہی کیا ہے۔

مخدوم سید احمد محمود نے مزید کہا کہ پیپلز پارٹی کے نظریاتی کارکن آج بھی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی قیادت میں شہید بھٹو اور محترمہ بینظیر بھٹو شہید کے وڑن کے مطابق قوم کو متفقہ و اسلامی آئین کے تحفظ اور روٹی کپڑا مکان کی فراہمی پر یقین رکھتی ہیں پیپلزپارٹی آئندہ انتخابات میں عوامی منشور کے مطابق زیادہ پر اعتماد طریقہ سے میدان میں اترئے گی جو تمام صوبائی اسمبلیوں سمیت وفاق میں واضح اکثریت حاصل کرکے حکومتیں قائم کریگی۔