نواز سریف ہی پاکستان کو ایشین ٹائیگر بنائیں گے ، زبیر بٹ

ماضی کے حکمرانوں کی غلط پالیسیوں نے ملک کو دہشت گردی ، بجلی و گیس کی لوڈشیڈنگ کا شکار کیا، پاک چین اقتصادی راہداری منصوبے سے 25 لاکھ سے زائد افراد کو روزگار ملے گا، تقریب سے خطاب

جمعرات 25 فروری 2016 20:40

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔25 فروری۔2016ء) پاکستان مسلم لیگ (ن)پنجاب کے سابق سیکرٹری جنرل محمد زبیر یوسف بٹ نے نوازشریف کو پاکستان کی ترقی وخوشحالی کا ضامن قراردیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کو مسلم ممالک کی پہلی ایٹمی طاقت بناکر محب وطن پاکستانیوں کے دلوں کی دھڑکن بننے والے وزیراعظم میاں محمد نواز شریف ماضی کے حکمرانوں کی غلط پالیسیوں کی بدولت دہشت گردی ، بجلی و گیس کی لوڈشیڈنگ سمیت دیگر بحرانوں کے شکار پاکستان کو اپنی سیاسی بصیرت اور عوام دوست پالیسیوں کی بدولت مسائل کی دلدل سے نکال کرترقی و خوشحالی کی شاہراہ پر گامزن کرکے جلد ہی ایشین ٹائیگربنادیں گے ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز مقامی ہوٹل میں منعقدہ ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

زبیر بٹ نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن)کی حکومت نے توانائی کی پیداواربڑھانے کے بہت سے منصوبوں پر کام شروع کررکھا ہے جن کی تکمیل کے بعد بجلی و گیس کی لوڈشیڈنگ ختم ہوجائے گی۔ انہوں نے پاک چین اقتصادی راہداری منصوبے کو میاں نواز شریف کا عظیم کارنامہ قراردیتے ہوئے کہا کہ پاک چین اقتصادی راہداری کا منصوبہ پاکستان کو ترقی اور عوام کو خوشحالی کی راہ پر گامزن کردے گا، پاک چین اقتصادی راہداری منصوبے سے 25 لاکھ سے زائد افراد کو روزگار کے مواقع ملیں گے جس سے بے روزگاری کا خاتمہ ہوگا۔