کرپشن کا مگر مچھ غریب عوام کا سب کچھ ہڑپ کررہا ہے ‘جماعت اسلامی کی کرپشن فری پاکستان مہم مظلوم اور حالات سے بیزار عوام کو حوصلہ اور عزم نو دے گی‘کرپشن کی وجہ سے غربت ،مہنگائی ،بے روزگاری ،بدامنی،لا قانونیت اور جرائم بڑھتے جارہے ہیں‘نیب کے پر تو پہلے ہی کٹے ہوئے ہیں

جماعت اسلامی فیصل آباد کے ضلعی امیر سردار ظفر حسین خان ایڈووکیٹ کی بات چیت

جمعرات 25 فروری 2016 20:00

فیصل آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔25 فروری۔2016ء) جماعت اسلامی فیصل آباد کے ضلعی امیر سردار ظفر حسین خان ایڈووکیٹ نے کہا ہے کہ کرپشن کا مگر مچھ غریب عوام کا سب کچھ ہڑپ کررہا ہے ۔جماعت اسلامی کی کرپشن فری پاکستان مہم مظلوم اور حالات سے بیزار عوام کو حوصلہ اور عزم نو دے گیکرپشن کی وجہ سے غربت ،مہنگائی ،بے روزگاری ،بدامنی،لا قانونیت اور جرائم بڑھتے جارہے ہیں نیب کے پر تو پہلے ہی کٹے ہوئے تھے لیکن اب وفاقی پنجاب اور سندھ کی حکومتیں اور حکمران جماعتیں نظام احتساب کو مکمل طورپر ملیا میٹ کرنا چاہتی ہیں وزیر اعظم اور وفاقی وزراء کی نیب کے اقدامات پر بد حواسی دال میں کالا ثابت کر رہی ہے ان خیالات کا اظہار انہوں نے المرکز الاسلامی چنیوٹ بازار میں نوجوانوں کے ایک وفد سے ملاقات کرتے ہوئے کیا انہوں نے کہا پاکستان میں لٹیروں کو اعلیٰ ترین سطح پر تحفظ حاصل ہے اور عوام کا کوئی پُرسان حال نہیں۔

(جاری ہے)

جماعت اسلامی نے فیصلہ کیا ہے کہ پاکستانی عوام کو کرپشن کے خلاف بیدار کیا جائے کرپشن فری پاکستان تحریک مہم کے دوران ایک کروڑ افراد سے کرپشن کے خلاف دستخط لیں گے اور کرپشن کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کے لیے قوم کو بیدار کریں گے انھوں نے کہا کہ جماعت اسلامی پاکستان کی منظم ترین اور جمہوریت میں سب سے پہلے درجے کی جماعت ہے قوم نے ہمیں بار بار آزمایا ہے ۔

امانت اور دیانت کے میدان میں ہمارے دامن پر کوئی داغ نہیں انہوں نے کہا کہ نے کہا کہ حکمرانوں کو عوام کے مسائل کا ادراک ہے نہ انہیں کوئی حل سوجھ رہا ہے ،عوام کے مسائل کا حل آئین کی بالادستی اور اس پر عمل درآمد ہے جبکہ حکمران آئین و قانون کی بالادستی کی راہ میں سب سے بڑی رکاوٹ ہیں 69سال سے اقتدار کے ایوانوں پر براجمان خاندان آئین کو اپنے گھر کی لونڈی سمجھتے ہیں ،اگر 73کے متفقہ آئین پر عمل درآمد ہوجاتا تو آج پاکستان نہ صرف جنوبی ایشیاء بلکہ دنیا بھر میں ترقی اور خوشحالی کی مثال بن چکا ہوتا ۔

انہوں نے کہا کہ عوام ان خود غرض حکمرانوں سے تنگ آچکے ہیں اور ایسی تبدیلی لانا چاہتے ہیں جس میں عام آدمی کو زندگی گزارنے کی بنیادی سہولتوں دستیاب ہوں ۔غریب آدمی کو بھی تعلیم صحت ،چھت اور روز گار کے یکساں مواقع ملیں اور کسی کو ان کا استحصال کرنے کی جرأت نہ ہو۔