درمیانے اور چھوٹے درجے کے کاروبار معیشت کیلئے ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں ‘ شہبازشریف

درمیانے اور چھوٹے کاروبار کے فروغ کو ترجیح دینا ہوگی،سرمایہ کاری کے فروغ کیلئے متعین اہداف کے حصول پر توجہ دی جائے اجلاس میں پنجاب میں سرمایہ کاری کے فروغ کے حوالے سے کئے جانے والے اقدامات کا جائزہ لیا گیا

جمعرات 25 فروری 2016 19:31

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔25 فروری۔2016ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کی زیرصدارت یہاں اعلیٰ سطح کا اجلاس منعقد ہوا جس میں پنجاب سرمایہ کاری بورڈ کی کارکردگی اور صوبے میں ملکی و غیرملکی سرمایہ کاری کے فروغ کے حوالے سے کئے جانے والے اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔ وزیراعلیٰ شہبازشریف نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب سرمایہ کاری بورڈ کو جدید تقاضوں کے مطابق انفرادیت کے ساتھ کام کرنا ہے ۔

پنجاب میں سرمایہ کاری کے بے پناہ مواقع موجو دہیں۔ ملکی اور غیرملکی سرمایہ کاری کے فروغ کیلئے پنجاب سرمایہ کاری بورڈ کو فعال کردار ادا کرنا ہے۔ سرمایہ کاری بڑھنے سے نہ صرف پیداوار میں اضافہ ہوگا بلکہ روزگار کے نئے مواقع بھی پیدا ہوں گے۔

(جاری ہے)

انہو ں نے کہا کہ درمیانے اور چھوٹے درجے کے کاروبار معیشت کیلئے ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں۔

درمیانے اور چھوٹے کاروبار کے فروغ کو ترجیح دے کر آگے بڑھنا ہوگا۔ سرمایہ کاری بورڈ کو پنجاب حکومت کے متعلقہ محکموں اور وفاقی حکومت کے اداروں کے ساتھ قریبی رابطہ رکھتے ہوئے سرمایہ کاروں کو سہولتیں فراہم کرنا ہے۔ تاجروں اور کاروباری حضرات کو بزنس کیلئے بہترین سہولتوں کی فراہمی کیلئے سرمایہ کاری بورڈ کو فعال کردار ادا کرنا ہے۔ پنجاب میں سرمایہ کاری کے فروغ کے حوالے سے پائیدار بنیادوں پر تسلسل کے ساتھ اقدامات کرنا ہوں گے۔

سرمایہ کاری کے فروغ کیلئے سیکٹرز کی نشاندہی کرکے سرمایہ کاروں کو ترغیبات دی جائیں اوربیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو پنجاب میں سرمایہ کاری کیلئے ترجیحی بنیادوں پر سہولتیں دی جائیں اور اس ضمن میں اوورسیز پاکستانیز کمیشن پنجاب کے ساتھ قریبی رابطہ رکھتے ہوئے کام کیا جائے۔انہوں نے کہا کہ پنجاب سرمایہ کاری بورڈ کی استعدادکار میں اضافے کی بھی ضرورت ہے۔

سرمایہ کاری کے فروغ کیلئے اہداف کا تعین کرکے ان کے حصول پر توجہ دی جائے۔ ایس ایم ایز اور سرمایہ کاری کے فروغ کے حوالے سے فیصلے کرکے فوری عملدرآمد کیا جائے۔سی ای او پنجاب سرمایہ کاری بورڈ نے مستقبل میں پنجاب سرمایہ کاری بورڈکے کرداراورسرمایہ کاری بڑھانے کے حوالے سے اقدامات پر بریفنگ دی۔صوبائی وزراء ڈاکٹر عائشہ غوث پاشا، محمد شفیق، خواجہ احمد حسان، ایڈیشنل چیف سیکرٹری، صدر بینک آف پنجاب، متعلقہ سیکرٹریز اور اعلیٰ حکام نے اجلاس میں شرکت کی جبکہ چیئرمین منصوبہ بندی و ترقیات ویڈیولنک کے ذریعے اجلاس میں شریک ہوئے۔

متعلقہ عنوان :