ملتان‘ مالی حالات سے تنگ سنگدل باپ نے 4بچوں کو زہر دے کر خود کشی کر لی

دو بچے زندگی کی بازی ہار گئے ‘2 بچے تشویشناک حالت میں ہسپتال منتقل

جمعرات 25 فروری 2016 19:14

ملتان(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔25 فروری۔2016ء) ملتان میں مالی حالات سے تنگ سنگدل باپ نے چار بچوں کو زہر دے کر خودکشی کرلی، دو بچے زندگی کی بازی ہار گئے جبکہ دو بچوں کو تشویشناک حالت میں اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔تفصیلات کے مطابق جمعرات کو غربت نے باپ کو قاتل بنا دیا ملتان کے علاقے شمس آباد میں غربت کے ہاتھوں تنگ باپ نے اپنے ہی جگر گوشوں کو موت کی نیند سلا دیا۔

(جاری ہے)

مفلسی کا مارا لوہاری گیٹ کا رہائشی آصف علی سنار کا کام کرتا تھا کاروبار میں مسلسل نقصان سے دلبرداشتہ ہو کر آصف علی نے 4بچوں کو زہر دے کر خود بھی زہر پی لیا جس سے وہ خود اور دو بچے موقع پر ہی دم توڑ گئے جبکہ دو بچے تاثیر اور ردا نور ہسپتال میں زندگی اور موت کی کشمکش میں ہیں۔پولیس کے مطابق آصف علی نے بچوں کو بھوک لگنے پرپانی میں ملا کر زہر دیا اور پھر انہیں خود ہی ہسپتال بھی پہنچایا