جے یو آئی(ف) سے جمعیت نظریاتی کے اختلافات ختم ہونا ،دوبارہ جمعیت (ف) میں ضم ہوناخوش آئند اقدام ہے، مکھی شام لال لاسی

جمعرات 25 فروری 2016 18:51

اوتھل ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔25 فروری۔2016ء) جے یوآئی بلوچستان کے رہنماسابق صوبائی وزیر مکھی شام لال لاسی نے کہا ہے کہ جمعیت علماء اسلام (ف) سے جمعیت نظریاتی کے اختلافات ختم ہونا اور دوبارہ جمعیت علماء اسلام (ف) میں ضم ہوناایک خوش آئند اقدام ہے اور اس یکجہتی کے مثبت تنائج برآمد ہونگے جمعیت علماء اسلام کا مستقبل روشن ہے ملک بھرمیں جمعیت علماء اسلام ایک بڑی قوت بن چکی ہے ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کے روز اوتھل آمد پر صحافیوں سے خصوصی بات چیت کرتے ہوئے کیا انہوں نے کہا کہ جمعیت علماء اسلام کے قائدین کے بہترین فیصلوں کے مثبت نتائج سامنے آئیں گے جس سے جمعیت علماء اسلام اور زیادہ مضبوط ہوگی نظام اسلام کی جدوجہد تیز ہوگی اور ملک امن کی راہ پر گامزن ہوگا مولانا عصمت اﷲ اور ان کے دیگر ساتھیوں نے بہت ہی سنجیدگی سے فیصلہ کیا ہے انہوں نے کہا کہ اسلام پیار ومحبت اوربھائی چارگی کا درس دیتا ہے دین اسلام میں سب کے حقوق برابر ہیں جس میں اقلیت کا تحفظ قابل ذکر ہے وہ وقت دور نہیں کہ مولانا فضل الرحمان کی قیادت میں جمعیت علماء اسلام بہت بڑی پارٹی بن کر بلوچستان میں بڑی اکثریت کے ساتھ مستقبل میں حکومت بنائے گی اور انشاء اﷲ مرکز میں بھی مضبوط پارٹی ہوگی انہوں نے کہا کہ مجھے امید ہے کہ اس مرتبہ اقلیتی برادری بھرپورطریقے سے جمعیت علماء اسلام کا ساتھ دے گی اور اقلیتی برادری جمعیت کے جھنڈے تلے جمع ہوگی انشاء اﷲ یہ وقت بتائے گا کہ جمعیت علماء اسلام کے پلیٹ فارم سے ان کے تمام جائز وبنیادی حقوق ملیں گے انہوں نے کہا کہ جمعیت علماء اسلام کے کارکناں ملک بھر کی طرح بلوچستان میں بھی پارٹی کے پرچم تلے ایک ہوکر پارٹی کو مزید مضبوط و فعال بنانے کیلئے اپنا کردار ادا کریں تاکہ ملک بھر میں آنیوالا دور جمعیت علماء اسلام کا ہو اور ملک کے مسائل حل ہوں انہوں نے کہا کہ جے یوآئی ہی وہ واحد پارٹی ہے جس میں ہمیشہ برابری کی بنیاد پر عوام کو انکے جائز وبنیادی حقوق دیئے گئے ہیں اور ہمیشہ جمعیت علماء اسلام ملک میں امن کی فضاء قائم کرنے کیلئے کوشاں رہی ہے انہوں نے کہا کہ نظریاتی گروپ کا واپس جمعیت علماء اسلام (ف) میں شامل ہونا ایک بہترین اقدام ہے اور ایسی یکجہتی اتفاق سے جے یوآئی کی مقبولیت میں مزیداضافہ ہوگا انہوں نے کہا کہ جمعیت علماء اسلام میں عام و خاص سب برابر ہیں اور ہمارے قائدین نے ہمیشہ عوام کے حقوق کیلئے آواز بلند کی ہے جمعیت علماء اسلام ایک سیاسی ومذہبی قوت بن چکی ہے اور انشاء اﷲ آنے والا دور جمعیت کا دور ہوگا۔

متعلقہ عنوان :