2015 میں عنوان عناصر کیخلاف کاروائی کر کے 54 کروڑ سے زائد لوٹی رقم قومی خزانے میں جمع کروائی ، محمد امتیاز تاجور

نیب عدم برداشت کی پالیسی پر عمل پیرا ہو کر ملک بھر سے بد عنوانی کے بلا امتیاز خاتمہ کیلئے پر عزم ہے، ادارے کی کارکردگی قابل ستائش ہے، ڈپٹی چیئرمین نیب

جمعرات 25 فروری 2016 18:49

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔25 فروری۔2016ء) قومی احتساب بیورو (نیب) کے ڈپٹی چیئرمین محمدامتیازتاجورنے کہا ہے کہ نیب عدم برداشت کی پالیسی پر عمل پیرا ہو کر ملک بھر سے بد عنوانی کے بلا امتیاز خاتمہ کیلئے پر عزم ہے، بد عنوانی تمام برائیوں کی جڑ ہے، بد عنوانی سے ترقی کا عمل متاثر ہونے کے ساتھ ساتھ قانون کی حکمرانی بھی داؤ پر لگ جاتی ہے، اس سے نہ صرف ترقیاتی منصوبوں کی بر وقت تکمیل میں رکاوٹیں پیدا ہوتی ہیں، بلکہ قومی خزانے کو بھار ی نقصان اْٹھانا پڑتا ہے۔

امن و امان کے نا مساعد حا لات اور وسیع رقبے کے باوجود نیب بلوچستان کی کار کردگی قابل ستائش ہے ، بلوچستان میں میری خدمات رہی ہیں جن کی وجہ سے میری دلی خواہش ہے کہ یہاں بد عنوانی کے خاتمے کے لیے ترجیہی بنیادوں پر کام کیا جائے۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے نیب بلوچستان کی سالانہ کار کردگی برائے 2015 کا جائزہ لینے کے دوران کیا۔ ڈائریکڑ جنرل نیب بلوچستان طارق محمود ملک بھی اس موقع پر موجود تھے۔

چیئر مین نیب قمر زمان چوہدری کی خصوصی ہدایات پر چیئر مین انسپکشن اینڈ مانیٹرنگ ٹیم کو نیب بلوچستان کی سالانہ کار کردگی برائے 2015ء کا جائزہ لینے کے لئے ذمہ داری سونپی گئی تھی۔چیئرمین انسپکشن اینڈ مانیٹرنگ ٹیم نے22 فروری سے24 فروری کے دوران بلوچستان بیورو کی سالانہ کار کردگی کا جائزہ لیا تاکہ قومی احتساب بیورو کے چیئرمین قمر زمان چوہدری کی طرف سے نئے شروع کئے گئے مقداری گریڈنگ سسٹم کی بنیاد پر بلوچستان بیورو کی کار کردگی کا جائزہ لیا جاسکے۔

ڈپٹی چیئرمین نیب محمد امتیازتاجور نے انسپکشن اینڈ مانیٹرنگ ٹیم کی جائزہ رپورٹ کی تکمیل کے بعد بلوچستان میں نیب کے ریجنل بیورو کا دورہ کیا، جہاں انہیں مانیٹرنگ ٹیم کے سینئر رکن نے نیب بلوچستان ریجنل دفتر کی سالانہ بنیادوں پر کار کردگی کی رپورٹ پیش کرتے ہوئے بیورو کی کمزرویوں اور کامیابیوں سے تفصیلا آگاہ کیا۔ انسپکشن اینڈ مانیٹرنگ ٹیم نے ڈپٹی چیرمین کو اپنی رپورٹ پیش کرتے ہوئے بتایا کہ نیب بلوچستان نے اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 89.59 فیصد نمبر حاصل کیے۔

قومی احتساب بیورو کے ڈپٹی چیئرمین محمدامتیازتاجور نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا نیب ملک سے بد عنوانی کے خاتمے کے لئے پْر عزم ہے، نیب کے تمام ریجنل دفاتر اپنی ذمہ داریوں کا احساس کرتے ہوئے کرپشن کے ناسور کے خاتمے میں کوئی کسر اٹھا نہ رکھیں، تا ہم اْن کا کہنا تھا کہ ہر ادارے میں کار کردگی میں بہتری کی گنجائش ہر وقت موجود رہتی ہے۔

انہوں نے نیب بلوچستان کی کار کردگی کو سراہتے ہوئے کہا بلوچستان نیب کا اہم ریجن ہے، انہوں نے ملکی ترقی کے لئے بد عنوانی کے مکمل خاتمے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا نیب کے ریجنل دفاتر اس حوالے سے اپنا کام مکمل ایمانداری اور تندہی سے سر انجام دیں۔ قبل ازیں ڈپٹی چیئرمین نیب محمدامتیازتاجور کو بتایا گیا کہ سال2015 میں نیب بلوچستان کو901 شکایات وصول ہوئیں، جبکہ 281 شکایات کی تصدیق اور 165 تفتیش و تحقیقات مکمل کی گئیں۔ قومی احتساب بیورو بلوچستان کی بد عنوان عناصر کے خلاف کاروائی کے نتیجے میں 54 کروڈ سے زائد کی لوٹی ہوئی رقم قومی خزانے میں جمع کروائی گئی۔

متعلقہ عنوان :