پولیس عوام کی جان و مال کی حفاظت کو عبادت سمجھ کر اپنا شعار بنائیں،ناصرخان درانی

دہشت گردی کیخلاف جاری جنگ میں خیبر پختونخوا پولیس نے قیمتی جانوں کا نذرانہ پیش کرکے لازوال قربانیاں دی ہیں،آئی جی خیبرپختونخوا

جمعرات 25 فروری 2016 18:14

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔25 فروری۔2016ء) انسپکٹر جنرل آف پولیس ناصر خان دُرانی نے بنوں کا تفصیلی دورہ کیا۔ جہاں انہوں نے پولیس لائنز ، مختلف تھانوں، چوکیوں اور بازاروں کا معائنہ کیا۔ اور پولیس اسسٹنس لائن اور تنازعات کے حل کے کونسل کا افتتاح کیا۔اور وہاں پرعوام سے بات چیت کی اور پولیس کی مجموعی کارکردگی کا جائزہ لیا۔

ریجنل پولیس آفیسر بنوں محمد طاہر خان ، ڈی پی اُو بنوں گل افضل آفریدی اور ڈی پی اُو لکی سید علی اکبر شاہ بھی اس موقع پر آئی جی پی کے ہمراہ تھے۔ آئی جی پی کے بنوں پہنچنے پر پولیس کے ایک چاق و چوبند دستے نے سلامی دی۔ بنوں پولیس لائنز میں پولیس افسروں وجوانوں کے دربارسے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جاری جنگ میں خیبر پختونخوا پولیس نے اپنی قیمتی جانوں کا نذرانہ پیش کرکے لازوال قربانیاں دی ہیں جو تاریخ کے آئینہ میں سنہری الفاظ سے رقم ہیں۔

(جاری ہے)

آئی جی پی نے دربار میں وہاں پر پولیس اہلکاروں کو درپیش مسائل کے بارے میں دریافت کیا اور پولیس کی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے ہدایت کی کہ پولیس عوام کی جان و مال کی حفاظت کو عبادت سمجھ کر اپنا شعار بنائیں۔ کامیابیاں اور کامرانیاں خود بخود ان کے قدم چھومے گی پولیس سربراہ نے قصابانوں چوک بنوں میں ایک عوامی جرگہ سے بھی خطاب کیااور وہاں پر بازار میں عوام سے بھی گھل مل گئے۔

عوام نے آئی جی پی کو اپنے درمیان پاکر خوشی کا اظہار کیا۔ آئی جی پی نے وہاں پر موجود عام لوگوں سے علاقے میں امن و آمان کی صورتحال، پولیس کے روئیے اور مجموعی کارکردگی کے بارے میں دریافت کیا۔ عوام نے پولیس روئیے کو مثبت اور کارکردگی کو تسلی بخش قرار دیا۔ اور بنوں پولیس پر مکمل اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے امن و آمان کے قیام کے لیے اپنی ہر ممکن تعاون کا یقین بھی دلایا۔

آئی جی پی نے کرم پُل چیک پوسٹ پر ڈیوٹی پر موجود جوانوں سے بھی ملے اور وہاں پر خیبر پختونخوا پولیس کو فراہم شدہ وہیکل ویری فکیشن سسٹم(VVS)اور شناختی کارڈ ویری فیکیشن سسٹم(IVS) کے ذریعے گاڑیوں اور عوام کی چیکنگ کے جاری پولیس عمل کا موقع پر جائزہ لیا اور جوانوں سے اب تک موقع پر گاڑیاں، مشکوک افراد اور شناختی کارڈ چیک کرنے کے ریکارڈ کے بارے میں دریافت کیا۔

بعد ازاں آئی جی پی نے صدر پولیس اسٹیشن بنوں میں تختی کی نقاب کشائی کے ذریعے پولیس اسسٹنس لائن اور تنازعات کے حل کے کونسلوں کے دفتروں کا باقاعدہ افتتاح کیا۔ آئی جی پی ڈی آر سی کے ممبران سے بھی ملے۔ تمام ممبران نے آئی جی پی کے اس اقدام کو زبردست الفاظ میں خراج تحسین پیش کرتے ہوئے اسے غریب عوام کے اُمنگوں کا آئینہ دار قرار دیا۔ اور پولیس اسسٹنس لائن کو عوام اور پولیس کے مابین دوریاں ختم کرنے کا اہم ذریعہ قرار دیا۔

اس موقع پر میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے آئی جی پی نے کہا کہ PAL اور DRC کا اصل مقصد عوام کے مسائل کو فوری حل کرنے اور عدالتوں کے چکروں سے نجات دلانا ہے تاکہ ان کے چھوٹے چھوٹے تنازعات جلد از جلد حصل کرائے جاسکیں اور علاقہ کے عوام کے درمیان دشمنی دوستی میں بدل جائے۔

متعلقہ عنوان :