پھول قدرت کا ایک انمول تحفہ ہے جن کو دیکھنے سے زندہ دلی اور تازگی کا احساس ہوتا ہے ،ڈپٹی کمشنر میرپور خاص

جمعرات 25 فروری 2016 17:58

میرپورخاص(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔25 فروری۔2016ء)ڈپٹی کمشنر سید مہدی علی شاہ نے کہا ہے کہ پھول قدرت کا ایک انمول تحفہ ہے جن کو دیکھنے سے زندہ دلی اور تازگی کا احساس ہوتا ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے محترمہ شہید بینظیر بھٹو پارک(گلستانِ بلدیہ پارک) میرپورخاص میں سالانہ58ویں پھولوں،سبزیوں اوراسپرنگ فیسٹیول کا افتتاح کرنے کے بعد تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔

انہوں نے مزید کہا کہ ضلعی انتظامیہ کی کوشش ہے کہ میرپورخاص کے شہریوں کو زیادہ سے زیادہ تفریحی پروگرام فراہم کئے جائیں اس ضمن میں انتظامیہ کی جانب سے پھولوں کی نمائش جیسے تفریحی پروگرام منعقد کرائے جائینگے ۔ ڈپٹی کمشنر نے فیسٹیول میں رکھے گئے مختلف پھولوں کے اسٹالوں کا تفصیلی معائنہ کیا اور اپنی گہری دلچسپی کا اظہار کیا ۔

(جاری ہے)

پھولوں کے اسٹالوں میں کمشنرہاؤس، ڈپٹی کمشنرہاؤس، ایس ایس پی ہاؤس، منصورچیمہ ہاؤس، چوہدری مختیار گرین ہاؤس، محمد میڈیکل کالج ،بھٹائی ڈینٹل کالج، میرپورخاص شوگر مل سمیت سرکاری و نجی اسکولوں کی جانب سے تخلیقی و ثقافتی فن ،سبزیوں ،کتابوں،کھانے پینے اور بچوں کے جھولے اور مختلف اسٹال لگائے گئے ہیں۔

فیسٹیول میں 300سے زائد اقسام کے پھول رکھے گئے ہیں جس میں وربینا، چھوٹا کارنیش، گولڈن بال کیکٹس،مصنوعی گوبی،ڈائی مور،انگلش گلاب، سلوری،ڈرائی سینا، کیلی فورنیا پوپی توجہ کا مرکز رہے ۔ اس موقع پر اے جے کالج اور گورنمنٹ گرلز اپوا ہائی اسکول کی طالبات نے ٹیبلوز اور پی ٹی شو پیش کئے۔اس موقع پر فلاور شو منیجمینٹ کمیٹی کے چیئرمین و ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر اصغر جویہ اور سیکریٹری فلاور شو منصور چیمہ نے کہا کہ فلاور فیسٹیول سے میرپورخاص کے شہریوں کو تفریحی ماحول فراہم ہونے کے ساتھ ساتھ بچوں کی زہنی نشو ونما پر مثبت اثرات مرتب ہونگے اور مستقبل میں اچھے شہری بن کر اپنے شہر اور ملک کا نام روشن کرسکیں گے ۔

اس موقع پر منیجمینٹ کمیٹی کے ممبران مرزا مسروربیگ، ایس اے خان ایڈوکیٹ، چوہدری مختیار ، اظہر جیلانی ،آغا عائشہ سمیت سرکاری و نجی اسکولوں کے اساتذہ ،طلبہ و طالبات اور عام شہریوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔