فوج کی پیشہ وارانہ صلاحیتوں کے باعث ضرب عضب کا آخری مرحلہ بھی کامیاب ہوگا‘ میاں محمود الرشید

عام شہری تک سستے انصاف کی فراہمی کیلئے پولیس کو سیاسی دباؤ سے پاک اور افسروں کی میرٹ پر تعیناتی کرنی ہوگی‘ اپوزیشن لیڈر پنجاب

جمعرات 25 فروری 2016 17:50

لاہور( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔25 فروری۔2016ء) پنجاب اسمبلی میں قائد حزب اختلاف میاں محمودالرشید نے کہا ہے کہ قوم پر امید ہے کہ فوج کی پیشہ وارانہ صلاحیتوں کے باعث ضرب عضب کا آخری مرحلہ بھی کامیاب ہوگا۔پنجاب پبلک سیکرٹریٹ میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا مزید کہنا تھا کہ فوج کی کاوشوں کے باعث ملک میں جلد امن قائم ہوگا، جوانوں اور معصوم شہریوں کی جانیں ضرور رنگ لائیگی۔

میاں محمودالرشید کا کہنا تھا کہ ملک کوامن کا گہوارہ بنانے اور دہشتگردی کے خاتمے کیلئے حکومت کو نوجوانوں کیلئے روزگار کے وسائل پیدا کرنے اورتعلیم کے نظام میں بہتری جیسے بنیادی مسائل حل کرنے پربھی توجہ دینا چاہئے۔ایک سوال کے جواب میں اپوزیشن لیڈرکا کہنا تھا کہ بھارت اپنے سکیورٹی معاملات بہتر بنائے ،ہر دہشت گردی کے واقعے کے بعد پاکستان پر الزام لگانے جیسے رویے ختم کرنے ہونگے،پٹھانکوٹ معاملے پر حکومت ٹھوس موقف اختیار کرنے کی بجائے جلد بازی کا مظاہرہ کر رہی ہے، انہوں نے کہا کہ حکومت اور سکیورٹی ادارے بغیر تفتیش مقدمات قائم کر کے اپنے ہی شہریوں کو مشکوک نہ بنائے۔

(جاری ہے)

محکمہ پولس سے متعلقہ سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پولیس کے نظام میں اصلاحات لانے کی ضرورت ہے، عام شہری تک سستے انصاف کی فراہمی کیلئے پولیس کو سیاسی دباؤ سے پاک اور افسروں کی میرٹ پر تعیناتی کرنی ہوگی۔