صاف پانی پراجیکٹ سے جنوبی پنجاب سمیت دیگر اضلاع بھی پینے کے صاف پانی سے مستفید ہو نگے‘ سردار شیر علی گورچانی

جمعرات 25 فروری 2016 16:44

لاہور( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔25 فروری۔2016ء) ڈپٹی سپیکر پنجاب اسمبلی سردار شیر علی خان گورچانی نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب کے صاف پانی پراجیکٹ سے جنوبی پنجاب سمیت دیگر اضلاع بھی پینے کے صاف پانی سے مستفید ہو نگے،وزیر اعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف کی کاوشوں سے شروع ہونے والا صاف پانی پراجیکٹ مفاد عامہ کا شاندار منصوبہ ہے ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے پنجاب اسمبلی میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ پینے کے صاف پانی کے منصوبے کا تعلق براہ راست انسانی صحت سے ہے ۔ صاف پانی پراجیکٹ کے ذریعے پینے کے صاف پانی کا بنیادی حق لوگوں کو ملے گا۔ حکومت شہریوں کو پینے کے صاف پانی کی فراہمی کے منصوبے پر خطیر رقم صرف کررہی ہے ۔ ڈپٹی سپیکر نے کہا کہ صاف پانی پراجیکٹ انتہائی اہمیت کا حامل ہے اور اس منصوبے پر تیزرفتاری سے کام کرتے ہوئے اسے آگے بڑھایا جا رہا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اس منصوبے کے ذریعے دیہی آبادی کے کروڑوں افراد جو صاف پانی نہ ملنے کی وجہ سے معدہ اور جگر کے انتہائی خطرناک مرض میں مبتلا ہو رہے ہیں، مستفید ہوگے۔ انہوں نے میڈیا کو بتایا کہ ڈیرہ غازی خاں اور ضلع راجن پور کے ہسپتالوں میں ہیپا ٹا ئٹس سنٹر کے قیام اور لو گو ں کو مفت علاج و ادویات مہیا کیئے جانے سے متعلق قرارداد حال ہی میں پنجاب اسمبلی میں متفقہ طور پر منظور ہوئی ہے۔ ن لیگ کی حکومت عوام کو زیادہ سے زیادہ سہولتیں پہنچانے کے عزم رکھتی ہے جو انشاء اللہ سب کو نظر آئے گا۔

متعلقہ عنوان :