وزیر پیٹرولیم سے ایل پی جی ڈسٹری بیوٹرزکے وفد کی ملاقات

ایل پی جی کانفرنس 17مارچ کو کرانے کا حتمی فیصلہ،شاہد خاقان عباسی کو شرکت کی دعوت

جمعرات 25 فروری 2016 16:26

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔25 فروری۔2016ء) وزیرپیٹرولیم شاہد خاقان عباسی نے مقامی ہوٹل میں ایل پی جی ڈسٹری بیوٹرز ایسوسی ایشن پاکستان کے وفد سے ملاقات کی‘ایل پی جی ڈسٹری بیوٹرز ایسوسی ایشن کے وفد کی نمائندگی چےئرمین عرفان کھوکھر نے کی۔ چےئرمین عرفان کھوکھر نے وزیر پیٹرولیم کا شکریہ ادا کرتے ہو ئے کہا کہ حکومت پاکستان ، وزارت پیٹرولیم کی انتھک محنت اور بہترین پالیسی کی بدولت ایل پی جی کی قیمت 31روپے لیٹر تک آگئی ہے جوکہ پیٹرول سے 110فیصد سستی ہے۔

اس کے بعد عرفان کھوکھر نے پاکستان کی ایل پی جی انڈسٹری کی سب سے بڑی ایل پی جی کانفرنس 17مارچ کو کرنے کا اعلان کیا جس پر وزیر پیٹرولیم کو مہمان خصوصی بننے کی دعوت دی۔ جس پر وزیر پیٹرولیم شاہد خاقان عباسی نے دعوت قبول کرتے ہوئے کہا کہ ایل پی جی کی قیمتوں کو مستحکم کرنے کے لیے ایل پی جی کو ریگولیٹ کرنا کی واحد حل ہے تاکہ موسم سرما میں ڈیمانڈ اور سپلائی کا ڈھونگ رچا کر بلیک مارکیٹنگ کر کے اربوں کی لوٹ مار کرنے والے عناصر کو لگام ڈالی جاسکے۔

(جاری ہے)

ایل پی جی ڈسٹری بیوٹرز ایسوسی ایشن قیمتوں کو عمل درامد کروانے کے لیے ہمارا شانہ بشانہ ساتھ کھڑی ہوتو چند ہی عرصہ میں ایل پی جی سستے داموں میسر ہو گی جس سے نا صرف غریب رکشہ ، ٹیکسی ڈرائیوروں کے گھروں کا چولہا چلتا رہے گا بلکہ غریب عوام کو سستا ترین ایندھن بھی مل جائے گا۔ سوئی گیس کی بندش کے باعث پاکستان کی انڈسٹری ایل پی جی کا ایندھن استعمال کر رہی ہے۔

ایل پی جی کو ریگولیٹ کرنے سے عوام کو سستا الٹرنیٹ فیول مل جائے گا۔ جس پر چےئرمین عرفان کھوکھر نے کہاکہ حکومت کا 15سال بعد ایل پی جی کو ریگولیٹ کرنے کا تاریخی فیصلہ کو سراہتے ہیں اور قیمتوں کو عمل درامد کروانے کے لیے وزارت پیٹرولیم کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔ وزارت پیٹرولیم کی انتھک محنتوں اور بہترین پالیسیوں کی بدولت آج ایل پی جی کا ایندھن پاکستان کا سب سے سستا ایندھن ہے۔

ایل پی جی کی ایمپورٹ کو فیزیبل کیا جائے ۔ ایل پی جی کی کھپت روز بروز بڑھ رہی ہے۔ ماہانہ 50ہزار ٹن کا شارٹ فال ہے۔ آئندہ آنے والے دنوں میں مزید اضافہ ہو جائے گا۔ ایل پی جی کی ریگولیشن کے ساتھ ساتھ ایمپورٹ کو بھی فیزبل کیا جائے۔ جس پر وزیر پیٹرولیم نے ایل پی جی انڈسٹری کی ترقی کے لیے اہم فیصلے جلد سے جلد لینے کی یقین دہانی کروائی۔