الطاف حسین کی تقریر پر پابندی عدالت نے لگائی، تبصرہ مناسب نہیں، وفاقی وزیر سیفران

جمعرات 25 فروری 2016 16:21

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔25 فروری۔2016ء) وفاقی وزیر برائے سیفران جنرل (ر) عبدالقادر بلوچ نے کہا ہے کہ الطاف حسین کی میڈیا میں پابندی عدالت نے لگائی ہے حکومت نے نہیں‘ عدالت کے فیصلوں پر تبصرہ مناسب نہیں‘ مردم شماری کے حوالے سے 29فروری کو مشترکہ مفادات کونسل کے اجلاس میں تفصیلی بحث کی جائے گی۔

(جاری ہے)

جمعرات کو پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مردم شماری ملک کے لئے بہت اہم ہے‘ امید ہے افغانستان میں جاری امن عمل کا نتیجہ ٹھیک نکلے گا‘ بنیادی مسئلہ افغانستان حکومت اور افغانستان طالبان کا ہے‘ افغانستان کا مسئلہ حل ہوگا تو پاکستان میں مہاجرین کا مسئلہ بھی حل ہوگا اور پورے خطہ میں بہتری آئے گی۔

وزیر سیفران عبدالقادر بلوچ نے کہا کہ الطاف حسین پر پابندی عدالتی معاملہ ہے الطاف حسین جس طرح کے الفاظ استعمال کرتے ہیں وہ ملک کے مفاد میں نہیں۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ امید ہے افغان امن عمل کا بہتر نتیجہ نکلے گا۔ افغانستان کا مسئلہ حل ہوگا تو پاکستان اور افغانستان میں مہاجرین کا مسئلہ بھی حل ہوگا۔