سرمایہ کار حکومت کی بہترین معاشی پالیسیوں سے فائدہ اٹھائیں،صدرمملکت

جمعرات 25 فروری 2016 16:20

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔25 فروری۔2016ء) صدرمملکت ممنون حسین نے کہا کہ دنیا بدل رہی ہے، پاکستان کے تاجر اور صنعت کار محنت کرکے اپنا حصہ وصول کریں تاکہ قومی معیشت کو مستحکم اور عوام کے معیار زندگی کو بلند کیا جا سکے، سرمایہ کار حکومت کی بہترین معاشی پالیسیوں سے فائدہ اٹھائیں اور ملکی برآمدات میں اضافے کے ساتھ ساتھ اپنے منافع میں بھی اضافہ کریں۔

وہ ایوان صدر میں لاہور چیمبرآف کامرس اینڈانڈسٹری کی تقریب سے خطاب کر رہے تھے ۔تقریب میں وفاقی وزیرتجارت انجینئر خرم دستگیر اور گورنر پنجاب محمد رفیق رجوانہ اور سفارت کاروں کی بڑی تعداد نے بھی شرکت کی۔صدرمملکت نے کہا کہ خطے میں جنگوں اور دہشت گردی نے ہماری معیشت کو عدم استحکام سے دوچار کیا لیکن اب حالات بدل چکے میں ، دہشت گردوں کی کمر ٹوٹ چکی ہے امن و اما ن بحال ہو رہا ہے جس کی نتیجے میں ملک میں کاروباری سرگرمیاں بحال ہورہی ہیں اور سرمایہ کاروں کے اعتماد میں اضافہ ہو رہا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی معیشت میں بہتری کی تصدیق عالمی مالیاتی ادارے بھی کر رہے ہیں ، پاکستان خطے کا واحد ملک ہے جس نے سو فیصد ملکیت کی بنیاد پر ملک میں سرمایہ کاری کی اجازت دی ہے غیر ملکی ادارے اور سرمایہ کار ان پالیسیوں سے فائدہ اٹھا کرکسی رکاوٹ کے بغیر منافع حاصل کر سکتے ہیں۔صدرمملکت ممنون حسین نے کہا کہ زندگی کے تمام شعبوں کی طرح تجارت بھی ایک حساس شعبہ ہے جس میں وقت کے ساتھ تبدیلیاں آرہی ہیں ان تبدیلیوں کی روشنی میں ہمارے تاجروں کو بھی اپنی پالیسیاں تشکیل دینے کی ضرورت ہے ، اب وقت آگیا ہے کہ ہم اپنے تجارتی شراکت داروں کی تعداد میں اضافہ کریں تاکہ پاکستان کی مصنوعات دنیا کے ان خطوں میں بھی پہنچ سکیں جن علاقوں پر ابھی ہم نے توجہ نہیں دی، اس سلسلے میں افریقہ، وسط ایشیا اور مشرق بعید کی ممالک پر خصوصی توجہ دینے کی ضرورت ہے جن کی معیشت تیزی سے ترقی کر ررہی ہے۔

صدر مملکت ممنون حسین نے اس موقع پر کہا کہ ہمارے تاجر اور صنعت کار پرانی روایتی منڈیوں کے ساتھ نئے افق تلاش کرنے میں سرگرمی سے کام کریں تاکہ ملکی بر آمدات کا ہدف حاصل کیا جا سکے جو قومی معیشت کے استحکام کا سبب بنے۔ کاروباری برادری حکومت کی ان کوششوں میں ساتھ دے جو وہ برآمدات میں اضافے کے لئے کر رہی ہے، اگر بیرونی تجارت میں اضافہ ہوگا تو تاجروں کے منافع میں بھی اضافہ ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ اقتصادی راہداری کے نتیجے میں جو نئے آپشنز کھل رہے ہیں ہمارے تاجر اور صنعت کار ان مواقع سے بھی فائدہ اٹھائیں۔ صدرمملکت نے کہا کہ پچھلے دنوں ملکی برآمدات میں کمی ہوئی ہے اب اس کا ازالہ کرنے کا وقت ہے تاجر حکومت کی پالیسیوں سے فا ئدہ اٹھا کر اپنے منافع میں بھی اضافہ کریں۔ تقریب سے لاہور چیمبر آف کامرس کے سینیئرنائب صدرالماس حیدر اوررومانیہ کے سفیر ایمیلان نے بھی خطاب کیا۔ تقریب میں بڑی تعداد میں تاجروں کے علاوہ سفارت کاروں نے بھی شرکت کی۔