حکومت نے گزشتہ ادوار میں کی گئی نجکاری سے حاصل آمدن کے بارے میں عوام کو اعتماد میں نہیں لیا،خالد محمود چوہدری

جمعرات 25 فروری 2016 15:17

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔25 فروری۔2016ء) پاکستان ریلوے پریم یونین کے مرکزی پٹی چیف آرگنائزرخالد محمود چوہدری نے کہا ہے کہ حکومت نے اب تک گزشتہ ادوار میں کی گئی نجکاری سے حاصل ہونے والی آمدن کے بارے میں بھی عوام کو اعتماد میں نہیں لیا،کسی کو بھی عوامی سرمائے پر موج مستی نہیں کرنے دیں گے،اب قوم نہیں بلکہ حکمرانوں کو قربانی دینا ہو گی،ٹیکس نیٹ بڑھانے کی بجائے ادارے فروخت کرکے غیر ملکی ایجنڈے کو پروان چڑھایا جا رہا ہے ملک میں روزانہ دس ارب کی ہونے والی کرپشن ختم ہو جائے توحکومتی خسارے پورے ہو سکتے ہیں، حکمران اگر ملک سے مخلص ہیں تو اپنا سرمایہ واپس لائیں، حکومت اگر واقعی قومی اداروں کو چلانااور منافع بخش بناناچاہتی ہے تو اسے سنجیدگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اسے پارلیمنٹ کے سامنے رکھنا چاہئے اور ماہرین اور اداروں کے ملازمین کے ساتھ مل بیٹھ کر اداروں کی بہتری کا حل تلاش کرنا چاہئے ۔

(جاری ہے)

جب تک حکومت ان اداروں کے کارکنوں کو اعتماد میں نہیں لیتی حکومتی فیصلوں کو عوام کی تائید حاصل نہیں ہوگی ۔ حکومتی خسارہ پورا کرنے کے لئے قومی اداروں کو نج کاری کی بھینٹ نہیں چڑھنے دیں گے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ریلوے اسٹیشن پر ہونے والے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔خالد محمود چوہدری نے کہا کہ مظلوم اور محروم عوام کے صبر کا پیمانہ لبریز ہوچکا ہے ،حکمرانوں کی کارکردگی سے عوام بری طرح مایوس ہیں جبکہ حکمران ابھی تک عوام کو دعوؤں اور وعدوں سے بہلانے کی کوشش میں لگے ہوئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہحکمران آ ئی ایم ایف کے ایجنڈے پر عمل کرنے کے بجائے خود انحصاری کی پالیسی اختیار کرتے ہوئے ملکی معیشت کو بحال کر نے کی کوشش کریں۔ حکومت قرضوں کے حصول کیلئے آئی ایم ایف کے مطالبات مان کر غریب عوام اور مزدوروں سے دشمنی مول لینے سے باز رہے۔آئی ایم ایف پاکستان کی معیشت ، صنعت اور غریب عوام کو تباہ کرنے کے در پے ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں اگر کوئی خوشحالی نظر آتی ہے تو اس کی وجہ مزدوروں کی دن رات کی محنت ہے ،حکومت کو دوسال ہونے کو ہیں مگر آج تک وہ اپنے منشور پر عمل کرسکی اورو نہ لیبر پالیسی بنا سکی ہے۔

حکومتی ایوانوں میں بیٹھے ظالم جاگیرداروں اور سرمایہ داروں کوملک کے غریب عوام کے مسائل کا نہ احساس ہے اور نہ ہی وہ ان مسائل کو حل کرنا چاہتے ہیں۔ اس موقع پرزونل صدر ملک محمد بشیر، سیکرٹری باؤ طاہر، محمد طارق ، چوہدری سیف الرحمان ،کاظم فاروق گل، عبدالرزاق میٹ، ظہیر الدین بابر، چوہدری عبدالقیوم، چوہدری آصف جاوید ، نورالدین ،محمد شبیر خان،عمران کاہلوں، فتح شیر میٹ،نادرحسین شاہ اور دیگر زونل ذمہ داران بھی موجود تھے ۔

متعلقہ عنوان :