ڈاکٹر عافیہ صدیقی رہائی کیس میں وزارت خارجہ نے اسلام آباد ہائیکورٹ میں جواب جمع کرادیا‘ عبوری فیصلہ (کل)سنائے جانے امکان

جمعرات 25 فروری 2016 14:43

ڈاکٹر عافیہ صدیقی رہائی کیس میں وزارت خارجہ نے اسلام آباد ہائیکورٹ ..

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔25 فروری۔2016ء) ڈاکٹر عافیہ صدیقی رہائی کیس میں وزارت خارجہ نے اسلام آباد ہائیکورٹ میں جواب جمع کرادیا ہے جس پر جمعہ کے روز عبوری فیصلہ سنایا جائے گا۔جمعرات کو اسلام آباد ہائی کورٹ کے جج جسٹس نورالحق قریشی نے ڈاکٹر عافیہ رہائی کیس کی سماعت کی ۔ دوران سماعت جسٹس نورالحق قریشی نے کہا کہ امریکہ سے ایک شخص آکر ریمنڈ ڈیوس کو تو پاکستان سے چھڑا کرلے گیاامریکہ سے بات نہیں کرسکتے ‘کیا خود کو غلام تصور کرتے ہیں امریکہ میں قید پاکستانی شہری کی مدد کرنا حکومت کا فرض ہے۔

(جاری ہے)

حکومت نے ڈاکٹر عافیہ کی رہائی کیلئے کوئی حکمت عملی شروع نہیں کی حکومت ایکشن لے نہیں تو ڈائریکشن دیں گے۔اس موقع پر ڈپٹی اٹارنی جنرل نے عدالت کے روبرو موقف اپنایا کہ ڈاکٹر عافیہ کی معاونت کیلئے 3 وکلا کی ٹیم فراہم کی ڈاکٹر عافیہ کے اہلخانہ جب چاہیں ان سے ملاقات کرسکتے ہیں اورسفارتخانے میں ان کی مدد کی جائے گی مگر اہل خانہ ملنے ہی نہیں جاتے جس پر ڈاکٹر عافیہ کی بہن فوزیہ صدیقی نے کہا کہ ڈاکٹر عافیہ زندہ بھی ہیں یا نہیں ہمیں اس بارے میں کچھ پتا نہیں ہے۔ عدالت نے ڈاکٹر عافیہ کی رہائی کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کرلیا ہے اور کیس کا عبوری فیصلہ جمعہ کے روز سنایا جائے۔

متعلقہ عنوان :